اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے پارٹی الیکشن جیت لیا

یروشلم ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے ابتدائی رائے دہی بہ آسانی جیت لی اور اِس طرح وہ برسر اقتدار دائیں بازو کی لکویڈ پارٹی کے بدستور لیڈر برقرار ہیں جبکہ وسط مدتی الیکشن ہونے والا ہے، برسر اقتدار گروپ کی ترجمان نے آج یہ بات کہی۔ نوگا کاز نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ لگ بھگ 60 فیصد بیالٹس کی رائے شماری میں نتن یاہو نے 80 فیصد ووٹ لئے اور اُن کے واحد حریف ڈینی ڈانن کو 20 فیصد ووٹ ملے۔ لکویڈ کے 96,651 ارکان نے 17 مارچ کے جنرل الیکشن کیلئے پارٹی کی فہرست میں شامل ہونے کے دعویداروں کے تعین کیلئے بھی ووٹ دیا ہے۔ اِس پارٹی نے آخری مرتبہ پرائمری کا انعقاد جنوری 2012 ء میں کیا تھا جب ارکان نے 3 بڑے اعتدال پسند قائدین کو بیدخل کردیا تھا جس کے ساتھ دائیں بازو میں نئی تبدیلی شروع ہوئی جو اب کل کی رائے دہی کے بعد مزید ٹھوس ہوجانے کا امکان ہے۔ نتن یاہو اپنے عہدہ پر چوتھی میعاد کیلئے کوشاں ہیں جبکہ وہ 1996-99 ء میں ابتدائی میعاد کے بعد 2009 ء میں وزیراعظم بنے تھے۔