اسرائیلی فوج کی شام کے صوبہ قونیترا میں شلباری

دمشق ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج کی جانب سے شیلز داغنے سے ان میں سے کچھ شیلز شام کے صوبہ قونیترا میں گرے۔ فوج کے دبابوں نے شیلز داغنے کا سلسلہ گذشتہ دو روز سے شروع کیا ہے۔ قونیترا مقبوضہ گولان پہاڑیوں کے قریب ہے۔ جنگ زدہ ملک کے سرکاری میڈیا نے یہ بات بتائی جس کے مطابق اسرائیلی فوج نے انتہائی جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے ایک تباہ شدہ ہاسپٹل کو نشانہ بنایا۔ علاوہ ازیں ایک مانیٹرنگ اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سیرین آبزرویٹری آف ہیومن رائٹس کے رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ قونیترا میں سات مقامات پر شیلز گرے جن میں ایک نگرانکار مرکز بھی شامل ہے۔ انہوں نے کوئی تفصیلات بتائے بغیر یہ بھی کہا کہ شیلز داغے جانے سے ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ شام کی فوج نے 2018ء کے وسط میں قونیترا پر دوبارہ قبضہ کرلیا تھا۔ اسرائیل نے 1967 میں صرف چھ دنوں کی جنگ میں گولان پہاڑی کے 1200 مربع کیلومیٹر کے رقبہ پر قبضہ کرلیا تھا اور اس کے بعد اسے اسرائیل سے منسلک کرلیا تھا۔ اسرائیل کے اٹھائے ہوئے اس قدم کو آج تک بین الاقوامی سطح پر مسلمہ قرار نہیں دیا گیا ہے۔