اسرائیلی فوج نے فلسطینی کار ڈرائیور کو ہلاک کردیا

راملہ ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی شہری کو ہلاک کردیا کیونکہ اس نے اپنی کار اسرائیلی فوجیوں کے درمیان گھسانے کی کوشش کی تھی۔ اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ ایک فلسطینی اپنی کار میں سوار تھا اور اس نے سیکوریٹی ڈیوٹی پر موجود اسرائیلی فوجیوں کے درمیان اپنی کار گھسانے کی کوشش کی۔ یہ واقعہ مغربی کنارہ کے حبرون سٹی میں رونما ہوا۔ فوج نے فوری کار پر فائرنگ کی جس میں فلسطینی کار ڈرائیور ہلاک ہوگیا لیکن کسی بھی اسرائیلی فوجی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ یاد رہیکہ صرف دو روز قبل بھی ایک ایسے ہی واقعہ میں کچھ بندوق برداروں نے مغربی کنارہ میں سات اسرائیلی شہریوں کو زخمی کردیا جن میں ایک 21 سالہ حاملہ خاتون بھی شامل ہے جس کی بعدازاں قبل از وقت زچگی عمل میں آئی تھی اور نوزائیدہ کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔