اساتذہ کے تقررات کے لیے ٹیٹ میں کامیابی ضروری

سی ای ڈی ایم سے ٹیٹ کوچنگ کا افتتاح ، پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اساتذہ کے تقررات کے لیے

TSTET میں کامیابی ضروری ہے اس کے بغیر سرکاری ، امدادی اور اقامتی مدارس میں تقررات نہیں کئے جاتے اور مسابقتی امتحانات میں بہتر رینک کے بغیر ، مقصد میں کامیابی دشوار ہے اور بہتر رینک کے حصول کے لیے پختہ ارادہ سنجیدہ محنت اور منصوبہ بند تیاری ضروری ہے کیوں کہ مسابقتی امتحانات کا طریقہ کار عام امتحانات سے مختلف ہوتا ہے ۔ مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات (CEDM) ، عثمانیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام نظام کالج پر TSTET ( اردو میڈیم ) کوچنگ کلاسیس کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ کے زیر سرپرستی اس سنٹر کی جانب سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ دیگر مقامات : محبوب نگر ، ظہیر آباد ، میدک ، نظام آباد ، جگتیال ، کریم نگر ، ورنگل ، عادل آباد اور نلگنڈہ یعنی جملہ 10 مقامات پر بھی مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا جہاں 2000 سے زیادہ امیدوار استفادہ کررہے ہیں ۔ اضلاع کے علاوہ صرف حیدرآباد میں 1000 سے زیادہ امیدوار کوچنگ سے استفادہ کررہے ہیں ۔ ان تمام امیدواروں کو ماہر اساتذہ کے ذریعہ مفت کوچنگ دی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ انہیں مفت اسٹڈی میٹریل بھی فراہم کیا جائے گا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حال ہی میں اقامتی مدارس میں تقررات کے لیے منعقدہ امتحان میں شرکت سے امیدواروں کی کثیر تعداد محض اس وجہ سے محروم ہوگئی کہ وہ TET میں کامیاب نہیں تھے ۔ عام زمرہ کے امیدواروں کے لیے TET میں کم از کم 60 فیصد نشانات کا حصول ضروری ہے ۔ سی ای ڈی ایم کی جانب سے اقلیتی امیدواروں کو مختلف مسابقتی امتحانات کی رہنمائی و تیاری کے لیے ہر ممکن سہولت بہم پہونچائی جارہی ہے ۔ امیدواروں کو چاہئے کہ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے کامیابی کو یقینی بنائیں ۔ شیخ چاند ساجد سینئیر پروجکٹ آفیسر نے کہا کہ مسابقتی امتحانات میں کامیابی کے لیے مقررہ وقت میں تیز رفتاری کے ساتھ درست جوابات دینا ضروری ہے ۔ عبدالکاظم ، پراجکٹ اسوسی ایٹ نے خیر مقدم کیا اور آخر میں کریم النساء پروجکٹ اسوسی ایٹ نے شکریہ ادا کیا ۔۔