اساتذہ کا احترام کرنے طلبہ کو تلقین

بھینسہ /30 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) طلباء و طالبات اپنے مستقبل میں کامیابی سے ہمکنار ہونے اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہونے کیلئے اساتذہ کے بتائے ہوئے نقش قدم پر چلتے ہوئے اساتذہ کی عزت و احترام کریں ۔ کیونکہ کوئی بھی شخص کسی بھی شعبہ میں بغیر اسناد کے کامیاب نہیں ہوسکتا اور نہ ہی ترقی کرسکتا ۔ ان خیالات کا اظہار بھینسہ گورنمنٹ جونئیر کالج پرنسپال ڈاکٹر محمد عبدالخالق صاحب نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے میدھا چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام کالج کے طلباء و طالبات میں درسی کتابوں کی مفت تقسیم کے موقع پر طلباء و طالبات کو نصیحت آموز باتوں سے مخاطب ہوکر کہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء و طالبات حکومت کی تمام تعلیمی اسکیمات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر اپنا مستقبل روشن بنائے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی تعلیمی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے تمام جونئیر کالجس میں مفت داخلے ، درسی کتابیں اور تعلیم کو فروغ دیکر غریب اور مستحق طلباء و طالبات کو تعلیم سے قریب ہونے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات حکومت کی تعلیمی امداد سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے وقت پر پابندی کے ساتھ کالج آئیں اور اس مسابقتی دور میں تعلیم کے ہر شعبہ میں کامیابیوں کی بلندیوں پر فائز ہوں ۔ اس موقع پر بھینسہ گورنمنٹ جونئیر کالج کے اردو میڈیم ، تلگو میڈیم اور ووکیشنل کورسیس کے طلباء و طالبات میں درسی کتابیں تقسیم کی گئی ۔ اس موقع پر کالج لکچررس فرخندہ علی خان ، عبدالحفیظ ، سندیپ کلکرنی ، ونود ، عبدالساجد ، عبدالبشیر کے علاوہ میدھا چیرٹیبل ٹرسٹ کے ذمہ دار شیو کمار اور دیگر لکچررس اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔