اساتذہ پر انتخابی ذمہ داریاں ڈالنے سے تعلیم کا نقصان

متبادل انتظامات کے لیے منصوبہ بندی ناگزیر ، الیکشن کمیشن کی توجہ ضروری
حیدرآباد۔30اکٹوبر(سیاست نیوز) انتخابی ذمہ داریوں کے لئے اساتذہ کی خدمات کے حصول سے اجتناب کیاجانا چاہئے کیونکہ اساتذہ کی خدمات کے حصول کی صورت میں اسکولو ںمیں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعلیم متاثر ہوگی اسی لئے الیکشن کمیشن بالخصوص چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ کو اس بات پر غور کرتے ہوئے اساتذہ کے بجائے دیگر سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کی خدمات کے حصول کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنی چاہئے ۔ انتخابی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور دیگر امور جیسے مردم شماری و فہرست رائے دہندگان کی تنقیح کے سلسلہ میں اساتذہ کی خدمات کے حصول سے اجتناب کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ نمائندگیاں کی جا چکی ہیں اور اس مسئلہ پر توجہ مبذول کروائی جا چکی ہے لیکن اس کے باوجود بھی انتخابی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے اساتذہ کی خدمات کے حصول کا سلسلہ جاری ہے۔ انتخابی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سلسلہ میں اساتذہ کی خدمات کا حصول ایک یوم کی ڈیوٹی نہیں ہوتی بلکہ اساتذہ کو اس کی تربیت فراہم کرنے کے لئے کئی مرتبہ طلب کیا جاتا ہے اور ان ایام کے دوران اسکولی طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے لگتی ہے ۔اساتذہ کا کہناہے کہ اگر محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی خدمات کا حصول اتنا ہی ناگزیر ہے تو ایسی صورت میں صدر مدرس کی خدمات کے حصول کے لئے ذریعہ تعلیم کو جاری رکھنے کے اقدامات کئے جا سکتے ہیں لیکن الکٹورل عہدیداروں کی جانب سے ایسے کوئی احکامات جاری نہیں کئے جاتے جس کے سبب اساتذہ کو یہ ذمہ داریوں کے لئے روانہ کیا جاتا ہے۔گذشتہ 4 برسوں کے دوران طلبہ کے نصاب میں تبدیلی اور تعلیمی نظام میں لائی گئی تبدیلیوں کے سبب امتحان سے قبل آخری دن تک بھی مکمل کوشش کے باوجود طلبہ کے نصاب کی تکمیل مشکل سے ہو پا رہی ہے ایسی صورتحال میں اگر اساتذہ کی خدمات انتخابی ذمہ داریوں کے لئے حاصل کی جاتی ہیں تو طلبہ کے لئے نصاب کی تکمیل کے مسائل پیدا ہونے شروع ہوجائیں گے کیونکہ مجوزہ اسمبلی انتخابات اور اس کے نتائج کے بعد اندرون چند ماہ ملک میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور ان کی تیاریوں کے لئے بھی اساتذہ کو اپنی خدمات پیش کرنی پڑتی ہے اور وہ دور تعلیمی سال کا آخری مرحلہ ہوگا اسی لئے طلبہ سے توجہ ہٹانا مشکل ہوگا اسی لئے انتخابی ذمہ داریاں تفویض کرنے والے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ مجوزہ اسمبلی انتخابات کے دوران ہی محکمہ تعلیم کو دی جانے والی انتخابی ذمہ داریوں کے لئے صدر مدرس یا اس سے اعلی عہدہ پر فائز عہدیداروں کی خدمات کے حصول کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو واقف کروائیں ۔