ارکان اسمبلی کیلئے عالیشان مکانات ‘ 104 کروڑ روپئے کا خرچ

ریاست کے ہر حلقہ میں رکن اسمبلی کیلئے ایک کروڑ کے خرچ سے تعمیر ‘ پرکال حلقہ میں تعمیر مکمل ‘ آج افتتاح
حیدرآباد 28 فبروری ( سیاست نیوز ) سرکاری خزانہ کے کم از کم 104 کروڑ روپئے اب ریاست کے 104 اسمبلی حلقوں میں ارکان اسمبلی کیلئے مکانات کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست کے 119 ارکان اسمبلی کے منجملہ شہر حیدرآباد کے 15 حلقہ جات اسمبلی کو چھوڑ کر مابقی 104 حلقوں میں ارکان اسمبلی کیلئے عالیشان مکانات و دفاتر تعمیر کئے جائیں ۔ حکومت ہر حلقہ کے رکن اسمبلی کو مکان ‘ دفتر تمام عصری سہولیات سے تعمیر کرکے فراہم کرنا چاہتی ہے جس کا آغاز بھی ہوچکا ہے ۔ ریاست کے محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے تعمیر کا کام کیا جا رہا ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ارکان اسمبلی کو عوام کے درمیان رہنے اور ان سے رابطوں میں رکھنے کے مقصد سے ان کے اپنے حلقے میں مکانات تعمیر کرکے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ملک بھر میں مثالی اسکیم ہے ۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت مقروض ہونے کا دعوی کرتی ہے اور سرکاری خزانہ کی حالت کو بھی کمزور بتایا جا رہا ہے ۔ اس کے باوجود چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے خود اپنے لئے وسیع و عریض اراضی پر عالیشان کیمپ آفس تعمیر کی تھی اور اسے انتہائی عصری سہولیات سے لیس کروایا تھا ۔ اسی طرح اب وہ ارکان اسمبلی کو بھی خوش کرنے ایک کروڑ روپئے فی کس خرچ کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ریاست کی کمزور معاشی حالت کے باوجود ارکان اسمبلی کو انتہائی عصری سہولتوں سے لیس گھر اور کیمپ آفس فراہم کرنے فی کس ایک کروڑ روپئے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے جملہ کم از کم 104 کروڑ روپئے خرچ ہونگے ۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے غریب اور بے گھر افراد کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا اعلان تو کیا تھا لیکن اس پر ابھی تک کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوسکی ہے ۔ ریاستی حکومت کا ادعا ہے کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کیلئے اراضیات کا دستیاب ہونا مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔ اس صورتحال میں ارکان اسمبلی کیلئے جو مکانات تعمیر کئے جا رہے ہیں ان کا رقبہ فی مکان 2800 گز کے قریب ہوگا ۔ ارکان اسمبلی کیلئے تو وسیع و عریض اراضیات دستیاب بآسانی دستیاب ہو رہی ہیں لیکن غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکان فراہم کرنے اراضیات دستیاب نہیں ہو رہی ہیں۔ اس اسکیم کے تحت ایک مکان پرکال حلقہ اسمبلی میں تیار بھی ہو گیا ہے ۔ اس کے علاوہ 65 حلقہ جات اسمبلی میں مکانات کی تعمیر کا کام مختلف مراحل میں ہے ۔ پرکال میں رکن اسمبلی کیلئے جو مکان تعمیر کیا جاچکا ہے اس کا ریاستی وزیر اجمیرا چندو لال 2 مارچ کو افتتاح انجام دینگے ۔ یہ مکان سروے نمبر 1004 میں 2,800 گز پر تعمیر کیا گیا ہے ۔ ارکان اسمبلی کیلئے جو مکانات تعمیر کئے جا رہے ہیں ان میں میٹنگ ہال ‘ رکن اسمبلی کا دفتر ‘ وی آئی پی لاؤنج ‘ وزیٹرس کیلئے جگہ ‘ پی اے / پی ایس کے کمرے ‘ ریسپشن ‘ سکیوریٹی عملہ کیلئے جگہ دستیاب رہے گی ۔ اس کے علاوہ سکنڈ فلور پر ماسٹر بیڈ روم ‘ بچوں کا بیڈ روم ‘ ڈائننگ و لونگ روم ‘ اسٹورس ‘ ٹائیلٹس ‘ سیٹ آوٹ ‘ پوجا کا کمرہ ‘ مہمانوں کیلئے بیڈ روم ‘ ڈرائنگ روم اور وراندہ شامل رہے گا ۔