ارکان اسمبلی، اپنی عوامی خدمت میں انصاف پسند رہیں

جن لوگوں نے ووٹ نہیں دیا ان کی خدمت بھی لازمی : صدرجمہوریہ
ایزول 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام کے حقیقی نمائندہ بن جائیں اور وہ عوامی خدمت میں انصاف پسند رہیں۔ پورے حلقہ کے ساتھ انصاف کرنا ضروری ہے۔ صرف ان لوگوں کی خدمت نہ کریں جنھوں نے تمہیں ووٹ دیا ہے۔ میزورم اسمبلی کے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ کووند نے مزید کہاکہ ان لوگوں کے ساتھ بھی یکساں سلوک اور نمائندگی کی جائے جنھوں نے ان کی مخالفت کی اور انھیں ووٹ نہیں دیا۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ انتخابات میں ایک حریف سیاسی مسابقت کنندہ ہوتا ہے وہ کوئی دشمن نہیں ہوتا اور نظریاتی طور پر لیجسلیچر کی کارکردگی کو پروقار طریقہ سے انجام دینا چاہئے۔ سیاسی نظام کو اختلافات سے دوچار نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ سیاسی نظام کو پاک صاف بناکر اسے تنازعات سے مبرا رکھا جانا چاہئے۔ انتخابات کے بعد سیاسی مقابلہ کنندہ بھی ساتھی بن جاتا ہے اور اس حلقہ کی ترقی اور بہتری کو یقینی بنانے میں کام کرتا ہے۔ ملک اور ریاست کی ترقی کے لئے وہ بھی ہر دم آگے رہتا ہے۔ انھوں نے ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کے پاکیزہ حُسن کو برقرار رکھیں۔