اروند کجریوال کے خلاف نتن گڈکری کا ہتک عزت مقدمہ

پٹنہ۔/18فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر نتن گڈکری نے آج سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف جنہوں نے گذشتہ سال 31جنوری کو ’ہندوستان کے سب سے زیادہ بدعنوان‘ کی فہرست جاری کرتے ہوئے نتن گڈکری کے نام کو بھی شامل کیا تھا، عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ اروند کجریوال کے خلاف یہ درخواست میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ گومنی منوچاکے سامنے پیش کی گئی۔ جنہوں نے سابق بی جے پی صدر کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی شکایت کی حمایت میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔

نتن گڈکری کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد، عدالت نے ایک گواہ ایڈوکیٹ نیرج کا بیان بھی ریکارڈ کیا جو بی جے پی لیڈر کی حمایت میں عدالت میں پیش ہوئے۔ مذکورہ دونوں افراد کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد عدالت نے اس درخواست پر سماعت کیلئے 22فبروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔جس کے بعد اروند کجریوال کے خلاف سمن جاری کیا جاسکتا ہے۔ مجسٹریٹ نے کہا کہ وہ اس درخواست پر 22فبروری کو سماعت کریں گے۔ مسٹر گڈکری نے اپنی درخواست میں جسے ایڈوکیٹ پنکی آنند اور ایڈوکیٹ اجئے دیگپال کے ذریعہ عدالت میں داخل کیا گیا ہے، دعویٰ کیا گیا ہے کہ اروند کیجروال نے ان کے خلاف جھوٹا، بے بنیاد اور توہین آمیز بیان جاری کیا ہے جس سے عوام کی نظروں میں ان کا وقار بری طرح مجروح ہوا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے جھوٹے، بے بنیاد اور توہین آمیز الزامات قصداً بری نیت کے تحت عائد کئے گئے ہیں جو کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 499 اور 500 کے تحت قابل سزاء جرم ہے۔گڈکری نے کجریوال پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کجریوال نے یہ جانتے ہوئے کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے محض انہیں بدنام کرنے کیلئے ایسا کیا ہے۔