ارونا بہوگنا نیشنل پولیس اکیڈیمی کی پہلی خاتون ڈائرکٹر

نئی دہلی ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل پولیس اکیڈیمی جو ملک میں آئی پی ایس آفیسر کا حیدرآباد میں واقع ایک انتہائی اہم ادارہ ہے، اب اکیڈیمی کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو اس کا سربراہ مقرر کیا جائے گا۔ 1979ء بیاچ سے تعلق رکھنے والی ارونا بہوگنا کو توقع ہیکہ 65 سالہ قدیم اس ادارے کا ڈائرکٹر مقرر کیا جائے گا۔ نیشنل پولیس اکیڈیمی کو سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی (SVPNPA) بھی کہا جاتا ہے۔ 56 سالہ بہوگنا کا تعلق آندھراپردیش کیڈر سے ہے، فی الحال نئی دہلی میں ملک کے اعظم ترین نیم فوجی دستے سی آر پی ایف کے اسپیشل ڈائرکٹر جنرل کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بہوگنا کی تقرری کے احکامات جلد ہی جاری کئے جائیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ارونا بہوگنا نے آندھراپردیش پولیس میں مختلف عہدوں پر خدمات پیش کی ہیں اور انہیں سی آر پی ایف کی پہلی خاتون ایس ڈی جی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ نیشنل پولیس اکیڈیمی کے ڈائرکٹر کا عہدہ سبھاش گو سوامی کو انڈو تبتن بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے ڈائرکٹر جنرل مقرر کئے جانے کے بعد مخلوعہ ہوگیا تھا۔ نامور پولیس افسران جیسے شنکر سین، تریناتھ مشرا اور کے وجے کمار قبل ازیں نیشنل پولیس اکیڈیمی کے سربراہ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ بہوگنا کی تقرری کے بعد وہ اس اکیڈیمی کی 28 ویں اور پہلی خاتون سربراہ ہوں گی۔ واضح رہیکہ نیشنل پولیس اکیڈیمی کا اعلیٰ سطحی بورڈ سینئر سیول سرونٹس، پولیس افسران اور نامور ماہرین تعلیم پر مشتمل ہے جو بورڈ کے ارکان ہیں جس کی قیادت مرکزی معتمد داخلہ کرتے ہیں۔