اروناچل پردیش کی خاتون کوہ پیما کا غیرمعمولی کارنامہ

ایٹانگر ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اروناچل پردیش کی ایک خاتون کوہ پیما انشوجام سینپا نے ایک بار پھر تین ہمالیائی چوٹیوں کو سر کرکے تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کامیابی کے ساتھ صرف چھ روز کے اندر تینوں چوٹیوں کو سر کیا۔ قبل ازیں بھی وہ ماونٹ ایورسٹ پر چڑھائی کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ بناچکی ہیں۔ اپنی کوہ پیمائی کے دوران 28 سالہ انشو جو دو بچوں کی ماں بھی ہیں، نے 13 تا 18 مئی اندرون 6 روز تین ہمالیائی چوٹیوں لوبوچے 6119) میٹر)، پوکھالڈے 5896 میٹر) اور آئی لینڈ پبلک 6189 میٹر کو سر کیا۔ ان کے اس غیرمعمولی کارنامے پر انہیں نیپال کی وزارت ثقافت، سیاحت و شہری ہوا بازی کی جانب سے کھٹمنڈو کے سنگھا دربار میں تہنیت پیش کی گئی تھی۔

سیکس ریاکٹ بے نقاب، تین گرفتار
غازی آباد ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے آج ایک سیکس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 3افراد کو گرفتار کیا جن میں 2خواتین بھی شامل ہیں۔ ضلع کے صاحب آباد علاقہ میں یہ سیکس ریاکٹ چلایا جارہا تھا۔ گرفتار شدہ ایک خاتون کی شناخت افروز کی حیثیت سے ہوئی ہے جو اس ریاکٹ کی سرغنہ تھی۔ صاحب آباد پولیس اسٹیشن کے آفیسر ہردیال یادو نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ افروز سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے جسکے بعد مزید گرفتاریاں ہوسکتی ہیں۔