اروناچل میں انتخابی دھاندلی کی الیکشن کمیشن سے شکایت

ایٹانگر۔ 29 اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رائے دہی کے استعمال میں ہوئی دھاندلیوں کی تحقیقات کی جائے ۔ یاد رہے کہ 19 اپریل کو اروناچل پردیش میں اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے لئے ایک ساتھ رائے دہی ہوئی تھی ۔ بی جے پی ترجمان ٹیچی نیچا نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ کی گئی انتخابی دھاندلیوں کی وجہ سے انتخابی ڈیوٹی ادا کرنے والے ریاستی حکومت کے سینکڑوں ملازمین اپنے آئینی حق سے محروم رہ گئے ۔

پوسٹل بیالٹس کی عدم اجرائی کی وجہ سے انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے سینکڑوں ملازمین ووٹ نہیں دے سکے۔ پارٹی وجہ جاننا چاہتی ہے کہ آخر ایسا کیوں ہوا ؟ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں انتخابی عمل کو کانگریس نے اپنا یرغمال بنالیا تھا اور اس کے لئے پارٹی نے افسران کا استعمال کیا جو پارٹی کے ایجنٹ کے طورپر اپنا کام کرگئے ۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی متعدد خلاف ورزیوں کے بارے میں ہم نے الیکشن کمیشن میں شکایت کی لیکن صرف کچھ ہی شکایتوں پر توجہ دی گئی ۔