اردو یونیورسٹی طلبہ کی تکنیکی صلاحیتوں کا عمدہ مظاہرہ

آزاد ٹیک فیسٹ کا مانو میں ڈاکٹر سراج اظہر اور ڈاکٹر اسلم پرویز کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد، 27؍ فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے پالی ٹیکنیک اور انڈسٹریل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (آئی ٹی آئی) کے سالانہ آزاد ٹیک فیسٹ 2019 کا ڈاکٹر قاضی سراج اظہر، یونیورسٹی آف مشی گن، امریکہ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر بھی موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی اور وائس چانسلر نے تمام پراجیکٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ آئی ٹی آئی میں لیزر بیسڈ سیکوریٹی الارم، فوٹ اسٹیپ پاور جنریشن، ہوم میڈ ایئرکنڈشنر اسمارٹ بنگلو ، سیوریج نظام، چین کا برڈ نیسٹ اسٹیڈیم ، دائرہ نما ایئر پورٹ وغیرہ پر مشتمل 19 ماڈلس نمائش کے لیے رکھے گئے تھے۔ جبکہ پالی ٹیکنیک میں تقریباً 50 مختلف اختراعی پراجیکٹس دیکھے گئے ۔ لائی فائی (وائی فائی سے 100 گنا زیادہ رفتار) ، اسمارٹ آفس، واٹر کلیننگ روڈس، موجودہ دور میں تیار ہورہے فلائی اوورس، سیکرٹ ناک ڈورس (دستاویزات و رقم کومحفوظ رکھنے کے لیے)، گاڑیوں کے آنے پر کھلنے والی اسٹریٹ لائٹس وغیرہ شامل تھے۔ شیخ الجامعہ اور مہمانِ خصوصی نے انفرادی طور پر ہر پراجیکٹ تیار کرنے والے طلبہ سے سوالات کیے اور ان کی تکنیکی سمجھ بوجھ اور صلاحیتوں کی ستائش بھی کی۔ شعبۂ نباتیات میں مشروم کی پیداوار کے ذریعہ خواتین کی با اختیاری پر خصوصی پراجیکٹ تیار کیا گیا تھا۔ طالبہ نے بتایا کہ مشروم کافی سستے میں اگایا جاسکتا ہے اور اس کی کاشت گھر میں بھی کی جاسکتی ہے، جس سے گھریلو خواتین کو کافی اچھی آمدنی ہوسکتی ہے۔ مشروم میں گوشت سے زیادہ پروٹینس ہوتے ہیں اور اسے مریض بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ دھوپ کے علاوہ وٹامن ڈی مشروم سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ طلبہ نے آلودگی، پانی اور دودھ میں ملاوٹ کی جانچ ، نمک میں کھار پن جیسے ماڈلس تیار کیے گئے۔