اردو کو مستحقہ مقام حاصل کرنے جمہوری خطوط پر جدوجہد کا مشورہ

ہفت روزہ ہماری منزل کی تقریب ، جلال الدین اکبر اور عابد صدیقی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( دکن نیوز ) : محمد جلال الدین اکبر ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں اردو زبان کی ترقی کے امکانات زیادہ روشن ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو والے تعلیم ، روزگار اور دیگر شعبوں میں اردو زبان کو اس کا مستحقہ مقام دلانے کے لیے جمہوری خطوط پر جدوجہد کریں ۔ جلال الدین اکبر آج سالار جنگ میوزیم لکچر ہال میں اردو ہفتہ وار ہماری منزل کی گولڈن جوبلی تقریب کو مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اردو دوست اور اقلیت نواز ہیں ۔ انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ہمیشہ اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے اور اردو سے انصاف کرنے کے سلسلہ میں بہتر اقدامات کیے ہیں ۔ انہوں نے اردو تنظیموں کو مشورہ دیا کہ وہ باہمی مشاورت کے ساتھ ایک بہتر لائحہ عمل تیار کریں اور حکومت سے اس سلسلہ میں نمائندگی بھی کریں تو انہیں یقین ہے کہ چیف منسٹر اس کام کے لیے فراخدلانہ تعاون کریں گے ۔ مولانا حافظ پیر شبیر احمد سابق رکن قانون ساز کونسل و صدر جمعیتہ العلماء ہند تلنگانہ و آندھرا پردیش نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اردو دوسری سرکاری زبان ہے لیکن عملی طور پر حکومت اور عوام اردو کی ترقی کے سلسلہ میں بے حسی سے دوچار ہیں اردو زبان کو نہ صرف حکومت نے بلکہ اردو والوں نے بھی نقصان پہنچایا ہے ۔ جو لوگ اپنی مادری زبان کا تحفظ نہیں کرتے وہ اپنی تہذیب و شناخت سے بھی محروم ہوجاتے ہیں ۔ ڈاکٹر نسیم الدین فریس سابق صدر شعبہ مولانا آزاد اردو یونیورسٹی نے صحافت کے آغاز اور ارتقاء کا تفصیل سے جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اردو صحافیوں نے نہ صرف تحریک آزادی بلکہ آزادی کے بعد بھی بے شمار مسائل و مصائب برداشت کیے ۔ ڈاکٹر جنید ذاکر اسسٹنٹ پروفیسر مانو نے کہا کہ اردو کا پہلا اخبار بھی ہفتہ وار تھا ۔ اردو اخبارات نے صحت مند معاشرہ کی تشکیل میں موثر رول ادا کیا ہے ۔ اس موقع پر جلال الدین اکبر نے ہماری منزل کے گولڈن جوبلی نمبر کی رسم اجراء انجام دی ۔ ابتداء میں شفیع اقبال ایڈیٹر نے کہا کہ اخبار ہماری منزل کا آغاز 27 مئی 1965 سے ہوا اور انہیں اس بات پر فخر حاصل ہے کہ جناب عابد علی خاں صاحب مرحوم ، جناب محبوب حسین جگر صاحب مرحوم اور اب جناب زاہد علی خاں کی مکمل سرپرستی انہیں حاصل ہے ۔ انہوں نے اخبار کی اشاعت کے سلسلہ میں درپیش مسائل کا ذکر کیا ۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور حیدرآباد میں اردو صحافت کے فروغ کا جائزہ لیا ۔ ہماری منزل کوئیز مقابلے میں اول و دوم آنے والے خلیق ( پربھنی ) ، عزیز احسان ( ناندیڑ ) کو انعامات عطا کئے گئے ۔ اس تقریب کے کنوینرس سید محمد فیصل ، سید محمد حامد ، سید محمد راشد نے مہمانوں و شرکاء کا استقبال کیا ۔ جلسہ کے بعد صادق نوید کی زیر صدارت مشاعرہ منعقد ہوا ۔ جس میں ڈاکٹر رؤف خیر ، مومن خاں شوق ، محترمہ حنا شہیدی ، محترمہ منور النساء منور ، شاہ نواز ہاشمی ، ثنا اللہ خاں وسیم ، خلش حیدرآبادی ، ذکی حیدرآبادی ، اطیب اعجاز ، تشکیل رزاقی ، سردار سلیم ، شفیع اقبال نے کلام سنایا ۔۔