اردو میں ووٹر لسٹ کی اشاعت کے الیکشن کمیشن کے احکام کا خیر مقدم

بیدر 27 فبروری (سیاست نیوز) احسن کمال پرویز سابقہ نائب صدر یوتھ کانگریس کمیٹی حلقہ پارلیمنٹ بیدر نے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بیدر کے اردو داں عوام کیلئے اردو زبان میں ووٹر لسٹ کی اشاعت کے دیرینہ مطالبہ کو الیکشن کمیشن آف انڈیا سے نمائندگی کرتے ہوئے سابقہ وزیراعلی کرناٹک و رکن پارلیمنٹ بیدر ڈاکٹر این دھرم سنگھ نے احکام جاری کروائے ۔ اس کیلئے احسن کمال پرویز نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے فیصلہ کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے اس اہم اور اردو والوں کے دیرینہ مطالبہ کو اپنی کامیاب نمائندگی کے ذریعہ عملی جامعہ پہنانے پر عظیم عثمانین اردو نواز سابقہ وزیر اعلی کرناٹک و رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر این دھرم سنگھ سے اظہار تشکر کیا ہے علاوہ ازیں احسن کمال پرویز نے محبان اردو کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وامر مرحوم جناب محسن کمال سابقہ ایم ایل ایل سی، مرحوم جناب صبغت اللہ قادری، جناب قاضی ارشد علی سابق ایم ایل سی و صدر ضلع کانگریس کمیٹی، جناب قیصر رحمن اردو صحافت،شعراء ادبا، ادبی سماجی، فلاحی تنظیموں اور ان تمام قائدین اور محبان اردو کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی بارہا توجہ دہانی کے باعث اردو ووٹر لسٹ کی اشاعت کا مطالبہ پورا ہوا ہے۔