اردو میڈیم طلبہ کی حوصلہ افزائی

محبوب نگر ۔26اگست ( فیکس) بزم کہکشاں کے زیراہتمام 23اگست 3بجے دن بمقام کہکشاں ہال نیوٹاؤن اسی ایس سی اردو میڈیم ٹاپرس کا تہنیتی جلسہ منعقد ہوا جس کی صدارت محمد صادق اللہ موظف سپرنٹنڈنگ انجنیئر ومشیر المیوا تلنگانہ نے کی ۔ جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے عبدالرحمن لکچررو ظہیر ناصری نے کی ۔ جناب عطا الرحمن اردو پنڈت نے قرات کلام پاک سے آغاز کیا جبکہ حسنا احمدی طالبہ نویں جماعت ہدا ہائی اسکول نے دلنشین لحن میں نعت شریف پیش کی ۔ مدینہ ماڈل ہائی اسکول کی طالبہ فرح نازنین نے ڈسٹرکٹ ٹاپ ہونے کی حیثیت سے اور صالحہ تبسم اسکول فٹ مدینہ ماڈل اسکول کی حیثیت سے توصیف نامے اور انعامات حاصل کئے جبکہ گاندھی روڈ ہائی اسکول سے سمیہ فرحین ‘ شہباز علی و سلمیٰ بیگم نے اسکول فٹ کی حیثیت سے توصیف نامے و انعامات حاصل کئے ۔ ڈاکٹر عزیز سہیل معتمد ادارہ ادب اسلامی نے خوش اسلوبی سے نظامت کی ۔ جلسہ کو ڈاکٹر عزیز سہیل ‘ عبدالرحمن و ظہیر ناصری ‘ ڈاکٹر ظہیر الدین کے علاوہ صدر جلسہ محمد صادق اللہ نے بزم کہکشاں کے اس اقدام کی ستائش کی اور مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی خواہش کی ۔جناب حلیم بابر نے افسوس کے ساتھ اپنی افتتاحی تقریر میں کہا کہ ہماری گذارش اور اخباری اعلانات کے باوجود صرف دو اسکولس نے دفتر بزم کہکشاں میں لیٹرس داخل کئے جبکہ دیگر مدارس نے اپنی تساہلی کا ثبوت دیا جو باعث بازپُرس ہے ۔ طلباء کے ساتھ والدین اور رسرپرستوں کی کثیر تعداد شریک جلسہ تھی اور ادبی انجمنوں کے حوصلہ افزائاقدام کی ستائش کی ۔ جلسہ کے بعد مشاعرہ زیر صدارت عبدالرحمن لکچر منعقد ہوا جس میں مسرز ضیا برہانی‘عباس وجودی‘ چچا پالموری‘ حلیم بابر وظہیر ناصری نے کلام پیش کیا جلسہ و مشاعرہ کی نظامت ڈاکٹر عزیز سہیل نے کی اور شکریہ ادا کیا ۔