اراضی سروے میں 32,596 وقف جائیدادوں کی شناخت

77,607 ہزار ایکر اراضی وقف ۔ 22,427 جائیدادوں کا سروے مکمل ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا بیان
حیدرآباد۔29 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ اراضی سروے میں 32,596 اوقافی جائیدادوں کی گزٹ نوٹیفائڈ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جن کے تحت 77,607 ایکر اراضی موجود ہیں۔ اراضی سروے میں 22,427 جائیدادوں کا سروے مکمل کرلیا گیا جن کے تحت 43,610 ایکر اراضی کی نشاندہی ہوئی ہے۔ باقی 10,987 اوقافی جائیدادوں کے سروے کا کام ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 818 زائد اوقافی جائیدادوں کی سروے کے دوران نشاندہی ہوئی ہے۔ سکریٹریٹ میں آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے 15 ستمبر کو شروع ہوئے اراضی سروے کی تفصیلات بیان کی۔ یہ سروے 31 ڈسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ کے نتائج حوصلہ افزاء رہے ہیں اور دوسرے مرحلہ کے سروے میں باقی اراضیات اور متنازعہ اراضیات کے سروے کا کام مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اراضی سروے میں اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کی نشاندہی سے ان کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے سروے کے دوران اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی اور تحفظ پر خصوصی دلچسپی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب الوقات کے تحت 1333 باقی اوقافی جائیدادوں کا سروے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اراضی سروے سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ وقف بورڈ میں اراضیات کے سلسلہ میں جو ریکارڈ موجود ہیں ان کی بنیاد پر ریونیو ریکارڈ میں اراضیات کو بحیثیت وقف درج کیا جارہا ہے۔ انہوں کہا کہ سروے کے ذریعہ ریاست بھر میں وقف، انڈومنٹ، زرعی اور دیگر اراضیات کی نشاندہی ہو پائے گی۔ سروے میں 28 ڈسمبر تک اوقافی اراضیات کے موقف کی تفصیلات بتاتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ عادل آباد میں 410، کوتہ گوڑیم 295، حیدرآباد 2298 ، جگتیال 341، جنگائوں 404، بھوپال پلی 28، گدوال 298، کاما ریڈی 1383، کریم نگر 720، کھمم 1144، آصف آباد 63، محبوب آباد 366، محبوب نگر 159، منچریال 401، میدک 1279، میڑچل ملکاجگیری 533، ناگر کرنول 167، نلگنڈہ 1163، نرمل 1012، نظام آباد 2108، پیدا پلی 235، سرسلہ 330، رنگاریڈی 1933، سنگاریڈی 46، سدی پیٹ 1227، سوریا پیٹ 1041، وقار آباد 2004، ونپرتی 103، ورنگل رورل 384، ورنگل اربن 464 اور بھونگیر میں 89 جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 30 اصلاع میں پہلے مرحلہ میں 22,427 جائیدادوں کے تحت 43610 ایکر اراضی کا سروے مکمل ہوچکا ہے۔ وقف ریکارڈ کے مطابق تلنگانہ میں 32,596 جائیدادوں کے تحت 77,607 ایکڑ اراضی موجود ہے۔ انہوں نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے باقی اراضیات کا ریکارڈ ریونیو عہدیداروں کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے بتایا اراضی سروے کے سلسلہ میں 1507 ٹیموں کو تعینات کیا گیا تھا اور ہر ٹیم میں تحصیلدار، ڈپٹی تحصیلدار، گرداور اور وی آر او شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 568 منڈلوں کے تحت 10,806 مواضعات ہیں اور پہلے مرحلہ میں 10,444 مواضعات کے سروے کا کام مکمل ہوگیا اور 2 کروڑ 13 لاکھ 18 ہزار 724ایکر 31 گنٹہ اراضی کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔ اس میں ایک کروڑ 97 لاکھ 10ہزار 172 ایکر اراضی کو کلیئرنس دے دیا گیا جو مجموعی اراضی کا 92 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی اراضی اور وقف اراضیات کے سلسلہ میں خصوصی مہم چلائی گئی ہے۔

حیدرآباد۔29 ڈسمبر (سیاست نیوز)