اراضی سروے ختم سال تک مکمل چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ نے کہاکہ اراضی سروے 31 ڈسمبر تک مکمل ہوجائے گا اور یکم جنوری سے کسانوں کو نئے پاس بُک جاری کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے آج محکمہ زراعت اور ریاستی سطح کے بینک عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ کسانوں کا ایک روپیہ خرچ کئے بغیر یہ سروے کیا جارہا ہے اور اُنھیں آفسوں کے چکر کاٹنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ اِس طرح زرعی اراضیات کے ریکارڈ کو باقاعدہ بنایا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ سروے مکمل ہونے کے بعد نئے ریکارڈ کی بنیاد پر نیا سسٹم رائج کیا جائے گا۔ اُنھوں نے نئے ریکارڈ کے مطابق قرض اور دیگر بینکنگ اُمور انجام دینے کی ہدایت دی۔ کے سی آر نے بینک عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ کسانوں کو قرض کی اجرائی کے موقع پر پاس بُک حاصل نہ کریں۔ حکومت نے کسانوں کا قرض معاف کیا ہے اور جن کسانوں کے قرض معاف ہوئے ہیں بینکس اس کی تفصیلات کسانوں کو فراہم کریں۔ بینکوں سے قرض کی اجرائی اور کسانوں کی جانب سے اس کی ادائیگی کے بارے میں تمام تفصیلات متعلقہ کسانوں کو معلوم ہونی چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت زرعی شعبہ کو بڑے پیمانے پر فروغ دے رہی ہے۔