اراضی ریکارڈس کو مالکین کے آدھار سے مربوط کرنے کی تجویز

متنازعہ اراضیات پر اعتراضات و ادعا جات کی حصولی، کونسل میں وزیر مال محمد محمود علی کا جواب
حیدرآباد۔30اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ اراضیات کے ریکارڈس کو شفاف بنانے کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں موجود اراضیات کے ریکارڈس کو یکجا کرتے ہوئے انہیں مالکین کے آدھار سے مربوط کرے گی اور ان کے موبائیل نمبرس بھی یکجا کئے جائیں گے ۔ متنازعہ اراضیات پر سروے کے دوران ادعاجات و اعتراضات وصول کئے جائیں گے تاکہ حقیقی مالکین کے حق میں احکام جاری کئے جاسکیں۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر مال نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت نے حیدرآباد کے سواء تمام اضلاع میں اراضیات کے سروے کا عمل 15ستمبر سے کردیا ہے اور اس سروے کا مقصد اراضیات کے ریکارڈس کو شفاف بنانے کے علاوہ ان کے مالکین کا ریکارڈ رکھنا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ اراضیات کے ریکارڈس کو بہتر بنائے جانے کے بعد جائیداد کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں ضروری ہدایات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔جناب محمد محمود علی نے کہا کہ تحصیلدار کی نگرانی میں انجام دیئے جا رہے مواضعات کے سروے کے دوران ریکارڈس کو شفاف بناتے ہوئے عہدیدارموضع کو نقائص سے پاک قرار دیں گے ۔ ارکان قانون ساز کونسل مسٹر پی سدھاکر ریڈی اور مسٹر وی بھوپال ریڈی کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں وزیر مال نے کہا کہ اراضیات کے سروے کی تکمیل کے بعد حکومت کی جانب سے دیگر کئی اہم فیصلہ کئے جائیں گے جن میں کور بینکنگ نظام کے ذریعہ اراضیات کے ریکارڈ کو مربوط کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ 1418 محکمہ مال کی ٹیمیں ریاست کے تمام اضلاع میں موجود مواضعات کا دورہ کر رہی ہیں اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 10 دن ایک موضع میں خدمات انجام دیں اور اراضیات سے متعلق ریکارڈس یکجا کرتے ہوئے اراضیات کے مالکین اور تنازعات کا جائزہ لینے کے بعد ریکارڈس تیار کریں اور مالکین جائیداد سے ان کے بینک کھاتوں کے علاوہ آدھار کی تفصیلات حاصل کرلیں تاکہ انہیں اراضیات کے ریکارڈس میں شامل کیا جاسکے۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ تلنگانہ میں شفاف اراضیات کے ریکارڈ س کی تیاری کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا مقصد جائیداد خریدنے والو ںکو ہونے والی دشواریوں سے بچانا اور انہیں کسی قسم کی قانونی رسہ کشی سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرنا ہے۔