اراضی اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کروانے بی جے پی کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ یکم جون ( سیاست نیوز) بی جے پی نے آج مطالبہ کیا کہ ڈپٹی چیف منسٹر ( ریوینیو) محمد محمود علی کو کابینہ سے علیحدہ کردیا جائے کیونکہ ان کے شعبہ میں بڑا اراضی اسکام سامنے آیا ہے ۔ اس میں جملہ 50 کروڑ روپئے مالیتی اراضیات کا خرد برد ہوا ہے ۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ 50 کروڑ روپئے مالیتی اراضیات بے نامی طریقہ سے ڈپٹی چیف منسٹر کو منتقل کی گئی ہیں۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان کرشنا ساگر راؤ نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت اس اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کرے ۔ اگر ریاستی حکومت ایسا نہیں کرتی ہے تو یہ سمجھا جائیگا کہ چیف منسٹر خود بھی اس معاملت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ ریاست میں یہ ایک بڑا اسکام ہے جس میں ڈپٹی چیف منسٹر ‘ سینئر آئی اے ایس عہدیدار اور دوسرے 70 عہدیدار ایسا لگتا ہے کہ ملوث ہیں۔