اراضی اسکام کی تحقیقات شروع، اینٹی کرپشن بیورو کے دھاوے

29 سب رجسٹرارس کے تبادلے، محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن میں بڑے پیمانے پر ردوبدل
حیدرآباد۔/31مئی، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ سی آئی ڈی نے آج ضلع میڑچل میں سرکاری اراضی کی غیر قانونی طور پر خانگی افراد کو منتقلی اسکام کی تحقیقات شروع کردی۔ جبکہ اینٹی کرپشن بیورو نے ریاست کے 7 اضلاع میں سب رجسٹرار دفاتر کی تلاشی لی۔ سی آئی ڈی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ چیف منسٹر کے احکامات کے بعد ہم نے تحقیقات شروع کردی ہے اور سائبرآباد پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مقدمہ کے بارے میں تفصیلات اکٹھا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے حصہ کے طور پر اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن عہدیداروں اور ریونیو محکمہ جات کے حکام سے بات کی جائے گی۔ تحقیقات کے سلسلہ میں اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے آج 7 اضلاع میں دستاویزات کی جانچ شروع کردی تاکہ کسی طرح کی بے قاعدگی کا پتہ چل سکے۔ سب رجسٹرار کوکٹ پلی آر سرینواس راؤ کے علاوہ دیگر دو سب رجسٹرارس کی گرفتاری عمل میں آئی۔ اس دوران محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن میں اراضی رجسٹریشن اسکام منظر عام پر آنے کے بعد ریاستی حکومت نے29سب رجسٹرارس کے تبادلے کردیئے ہیں۔ اضلاع میں خدمات انجام دے رہے 29 سب رجسٹرارس کو منگل کی شب سب رجسٹرار دفاتر واقع شہر و مضافات تبادلہ کیاگیا۔چیف منسٹر کے دفتر نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر ردوبدل کے طور پر 141 رجسٹریشن دفاتر میں 72 نئے عہدیداروں کا تقرر کیا جارہا ہے۔