ادارہ سیاست کے تعاون سے 9000 طلباء کمپیوٹر ، پیشہ وارانہ تعلیم سے آراستہ

پسماندہ علاقوں کے طلباء کو فری کوچنگ ، میٹریل کی سربراہی ، توسیعی لکچر اور جلسہ تقسیم اسناد
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( دکن نیوز ) : ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام پرسنالیٹی ڈیولپمنٹ اور کامیاب مستقبل کے لیے طلباء کی رہنمائی کے موضوع پر اے بی بی آر گروپ آف انسٹی ٹیوشن ریاست نگر میں توسیعی لکچر اور جلسہ تقسیم اسناد منعقد ہوا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جناب ابراہیم جیلانی ، جناب ایم اے قدیر آرگنائزنگ پریسیڈنٹ ایم ڈی ایف ، جناب سید اصغر حسین نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی ۔ ابتداء میں محمد برکت علی منیجنگ ڈائرکٹر اے بی بی آر نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ سیاست کے تعاون سے اب تک تقریبا 9000 طلباء وطالبات نے کمپیوٹر ٹکنالوجی اور دیگر پیشہ وارانہ کورسیس میں تعلیم و تربیت حاصل کی ہے ۔ شہر کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلباء وطالبات کے لیے ایس ایس سی کی سطح پر نہ صرف فری کوچنگ فراہم کی جارہی ہے بلکہ سیاست کے تیار کردہ کورس میٹریل بھی سربراہ کئے گئے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے اس موقع پر طلباء اور طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تعلیم کے ساتھ اپنی شخصیت کو موثر اور متاثر کن بنانے کے لیے بھی کوشش کرنی چاہئے ۔ نرم لب و لہجہ ، ہمدردی ، خلوص اور دوسروں کا احترام انسانی شخصیت کو پرکشش بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے نوجوانوں میں خود اعتمادی اور خود انحصاری پیدا کرنے کے لیے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ نوجوان قوم و ملک کا سرمایہ ہیں جن کی ترقی کے لیے اکابرین ملت کو عملی اقدامات کرنے چاہئے ۔ جناب ابراہیم جیلانی نے کہا کہ مسلسل محنت اور آہنی ارادوں کے ذریعہ ہی کامیابی ہمارے قدم چومتی ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی شعبہ میں مہارت پیدا کریں ۔ اس موقع پر اسٹاف کے اراکین مسرس وریندر ، خواجہ مجیب ، وسیم اور دوسرے موجود تھے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف کے ہاتھوں کمپیوٹر کورس میں اول ، دوم اور سوم آنے والے طلباء محمد حسن پاشاہ ( انٹر میڈیٹ سال اول ) ، محمد فہیم الدین ( انٹر میڈیٹ سال دوم ) اور انعام دوم سید وسیم ( انٹر میڈیٹ سال اول ) اور سرفراز الدین ( انٹر میڈیٹ سال دوم ) اور انعام سوم محمد سرفراز احمد کو دیا گیا ۔ اس کے علاوہ جناب ایم اے قدیر ، جناب سید اصغر حسین ، جناب محمد نصر اللہ خاں اور اے وریندر کے ہاتھوں سرٹیفیکٹس کی تقسیم عمل میں آئی ۔ مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے عہدیداروں پر مشتمل وفد نے شاہین نگر میں ایس ایس سی کوچنگ سنٹر ایور گرین اکیڈیمی آف سائنس کا بھی معائنہ کیا ۔ جو سیاست اور ایم ڈی ایف کی سرپرستی اور تعاون سے رکٹیفی مشن اسکول میں قائم کیا گیا ۔ جناب مقصود احمد جنرل سکریٹری نے وفد کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر مفت کوچنگ سنٹر میں شریک ایس ایس سی طلباء وطالبات میں ایس ایس سی کوئسچن بینک کی تقسیم جناب عابد صدیقی ، جناب ایم اے قدیر ، محمد برکت علی ، سید اصغر حسین اور محمد نصر اللہ خاں کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ جناب مقصود احمد نے ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی نمایاں تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست کی رہنمائی اور خصوصی توجہ کے باعث شہر اور اضلاع میں ہزاروں طلباء وطالبات نہ صرف کوئسچن بینک سے استفادہ کررہے ہیں بلکہ ایس ایس سی فری کوچنگ مراکز سے بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کہا کہ اس سال سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے پرانے شہر میں ایس ایس سی فری کوچنگ کے 10 مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر محمد سلیم کرسپانڈنٹ ، پرنسپل ، مولانا محمد ظہیر الدین قادری اسٹاف کے ارکان جناب غوری محمد ، محترمہ شبانہ ، عرشیہ اور دیگر موجود تھے ۔ رکٹیفی مشن اسکول کے پرنسپل اور کرسپانڈنٹ محمد سلیم نے بتایا کہ پہاڑی شریف روڈ پر واقع اس اسکول میں مسلم طلباء وطالبات کے لیے تمام تر تعلیمی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور تعلیم کے ذریعہ زندگیوں میں انقلاب برپا کرنا یہی ہمارا مشن ہے ۔ انہوں نے ادارہ سیاست کی تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں کو ملت اسلامیہ کے لیے ناقابل فراموش کارنامہ قرار دیا ۔۔