ادارہ سیاست کی جانب سے لاوارث مسلم نعشوں کی تدفین

حیدرآباد 28 فروری (سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی جانب سے لاوارث مسلم نعشوں کی تدفین عمل میں آئی۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو ناچارم پولیس اسٹیشن ضلع رنگاریڈی سے مراسلہ موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ 25 سالہ مسلم نوجوان کی نعش درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ ورثاء کا پتہ نہ چلنے کی بناء نعش کی تجہیز و تکفین کی خواہش کی گئی تھی۔ اسی طرح الوال چرچ ہوم سے موصولہ مراسلہ میں بتایا گیا کہ یہاں رہنے والے سلمان صاحب کا انتقال ہوگیا۔ اُن کی تدفین کی درخواست کی گئی تھی۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنس سے ایسی 3 درخواستیں موصول ہوئیں چنانچہ اِن مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ، گاندھی ہاسپٹل اور الوال چرچ ہوم سے حاصل کرکے قبرستان کوکٹ پلی میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ مولانا شکیل احمد سبیلی قاسمی نے نماز جنازہ پڑھائی۔ صدر انتظامی کمیٹی قبرستان و عیدگاہ کوکٹ پلی فیز IV جناب شیخ عبدالعزیز نے اِس کارخیر میں ملت فنڈ کے ذریعہ حصہ لینے والوں کے حق میں دعا کی۔ اُنھوں نے کہاکہ جناب زاہد علی خاں کی زیرسرپرستی انجام دیا جانے والا کام سارے ملک میں ایک مثال ہے۔ سید عبدالمنان، محمد عبدالبشیر نائب صدر مسجد سرور کونینؐ فتح شاہ نگر، بشریٰ بیگم، زاہدہ بیگم، سیدہ فہیم النساء نے مرحومین کے لئے مغفرت اور ورثاء کو صبر جمیل کی دعا کی۔