ادارہ سیاست کو اخبار کے علاوہ مختلف کارناموں کی بین الاقوامی شہرت

دفتر سیاست میں حجامہ کیمپ، 250 مریضوں کا استفادہ، ڈاکٹر سید غوث الدین اور محترمہ سیدہ صفیہ سلطانہ کا خطاب
حیدرآباد 28 فروری (پریس نوٹ) ادارہ سیاست کے زیراہتمام مرد و خواتین کے حجامہ کیمپ کا انعقاد محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر عمل میں لایا جس میں 250 سے زائد مرد و خواتین نے کیمپ سے استفادہ کیا۔ حکیم سید غوث الدین کیمپ انچارج نے بتایا کہ کیمپ میں حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کے مریضوں نے بھی استفادہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ کیمپ میں نہ صرف حیدرآباد بلکہ دیگر ریاستوں کے اطباء بھی حجامہ کی تربیت حاصل کررہے ہیں اور وہ لوگ بھی اپنے اپنے مطب پر حجامہ کے ذریعہ علاج و معالجہ کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اگر حجامہ کو نئے سائنٹفک طریقہ سے علاج کریں تو ہم دنیا کے سامنے ریسرچ کے ذریعہ اس کی اہمیت اور افادیت کو اُجاگر کرسکتے ہیں۔ انھوں نے لیڈی حجامہ ڈاکٹرس سے زنانی امراض میں حجامہ کو ریسرچ کے ذریعہ کرنے اور مرد حجامہ ڈاکٹرس کو مردانہ امراض پر ریسرچ کرنے کا مشورہ دیا۔ ماہر حجامہ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب کی زیرنگرانی ڈاکٹر توفیق احمد، ڈاکٹر محمد عمران، ڈاکٹر عبدالصمد اور ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ کی زیرنگرانی ڈاکٹر سیدہ ثمینہ سلطانہ، ڈاکٹر ہاجرہ بیگم، محترمہ تبسم فاطمہ، محترمہ نوشاد فاطمہ، محترمہ فردوس کوثر نے کیمپ میں حصہ لیا اور مریضوں کا علاج و معالجہ کیا۔ مہمان خصوصی محترمہ سیدہ صفیہ سلطانہ نے ادارہ سیاست کی جانب سے گزشتہ تین برسوں سے حجامہ کیمپ کے علاوہ ملت کے لئے فلاحی کاموں، بمسٹ کوچنگ، ایم ڈی کوچنگ، ایس ایس سی کوئسچن بینک کتاب، انگریزی اور اردو زبان کے علاوہ سیاست کے دیگر ملی، سماجی اور تہذیبی پروگرامس کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے ادارہ سیاست کو نہ صرف ایک اخبار قرار دیا بلکہ اس کے کارناموں کی بین الاقوامی طور پر اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے ادارہ سیاست کی جانب سے گزشتہ 16 برسوں سے امریکہ کے ڈاکٹر معین انصاری اور ڈاکٹر شاہدہ انصاری کی زیرنگرانی کیرو پراکٹک ڈاکٹرس کے میڈیکل کیمپ کا ذکر کیا۔ ان تمام خدمات کے لئے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کی ملی، ادبی، طبی، سماجی، تہذیبی خدمات پر زبردست خراج تحسین ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ اس طرح کی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ اس حجامہ کیمپ کے لئے جناب فہیم انصاری، جناب خالد محی الدین اسد کے علاوہ دیگر حضرات نے نمایاں رول ادا کیا۔