احکامِ خداوندی پر عمل اور محبت ِ رسولﷺکے بغیر مسلمانوںکی کامیابی نا ممکن

رحمت عالم کمیٹی کی انٹرنیشنل معراج النبی کانفرنس ، علامہ شیخ غلام رسول حامی ، علامہ غفران رضا قادری ،مفتی قاسم القادری ، علامہ مفتی منظور ضیائی کے خطابات

حیدرآباد۔15اپریل ( راست ) عالم کائنات میں اللہ تعالیٰ نے کئی ایک انبیاء کو مبعوث کیا اور انہیں کئی معجزات عطا کئے لیکن جس شان و مرتبہ کے ساتھ ہمارے آقا نبی مکرم ﷺ کی بعثت ہوئی اور جو عظیم ترین معجزات محمد عربی ﷺ کو عطا کئے گئے وہ کسی اور نبی و رسول کو عطا نہیں ہوئے ۔ معراج النبی ﷺ کائنات عالم میں ایک ایسے معجزہ کا نام ہے جس کی نہ تو کوئی نظیر مل سکتی ہے اور نہ ہی اسکا کوئی متبادل ۔ دورِ حاضر میں سائنس نے یوں تو اتنی طرقی کرلی ہے کہ وہ چاند پر اپنی کمندیں ڈال چکی ہیں لیکن پھر بھی اپنی کمتری کا احساس انہیں باقی ہے غور طلب ہے کہ رب تعالیٰ نے اپنے حبیب ﷺ کو معراج کا جو عظیم معجزہ عطا کیا اس پر ساری دنیا حیران ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ نبی پاک ﷺ جس بستر پر آرام کررہے ہوں وہ گرم رہا ہو اور دروازے کی زنجیر ہل رہی ہو اور ہمارے آقا مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ اور پھر وہاں سے ساتوں آسمانوں کی سیر ، انبیاء سے ملاقات ، رب تعالیٰ کے حضور حاضری ، شرفِ دیدار رب العالمین اور پھر رب تعالیٰ کے اتنے قریب ’’و قاب قوسین او ادنیٰ ‘ ‘کیا انسانی سونچ و فکر حیران نہ ہوگی تو میں یہ کہوں گا کہ اے انسانوں غور کرو جس محبوب کیلئے رب تعالیٰ نے یہ کائنات سجائی ہے جس محبوب کیلئے یہ ساری دنیا بسائی ہے اس محبوب کا مقام و مرتبہ کیا ہے ،حقیقت تو یہ ہے کہ کائنات کی روح محمد عربی ﷺ ہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل معراج النبی ﷺ کانفرنس منعقدہ 14اپریل جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ پر جموں کشمیر کے مفکر اسلام حضرت العلامہ شیخ غلام رسول حامی (پروفیسر چانسلر شیخ العالم یونیورسٹی کشمیر ، امیر کاروان اسلامی اہلسنت و جماعت جموں کشمیر) نے کیا ۔ کانفرنس کی سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی ، صدارت مولانا خلیل علی شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی ، نگرانی محمد شوکت علی صوفی نے کی ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) نے مہمان مقررین کا استقبال کیا ۔ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت مولانا سید شاہ محمد حسینی الرضوی القادری ‘ مولانا ڈاکٹر اخلاق شرفی ، عالیجناب الحا ج محمد نعیم صوفی ، ڈاکٹر عظمت رسول ، حکیم ۔ ایم ۔ اے ساجد قادری ملتانی نے کی ۔ کانفرنس کا آغاز صلاح الدین جاوید کی قرات سے ہوا ۔ بارگاہ ِرسالتمآب ﷺ میں عمران رضا نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ مولانا نے کہا کہ آج فسطائی طاقتیں اپنی عارضی طاقت کے زور پر یہ سمجھ رہی ہے کہ ہم اسلامی قانون میں خلل اور مسلمانوں میں انتشار پیدا کرینگے لیکن افسوس وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے کیونکہ اس دین کا محافظ رب تعالیٰ ہے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ آج بھی ہندوستان پر حکومت ہمارے غریب نواز ؒ کی ہی ہے اور تا قیام قیامت رہے گی ۔ مہمان مقررمفتی غفران رضا قادری (ڈائرکٹر سنی رضوی انٹرنیشنل سوسائٹی مورشیس و ساوتھ آفریقہ )نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ضروری ہے کہ ہر نوجوان اپنے تعلیمی معیار پر توجہ دے اور اپنی قابلیت کے ذریعہ اس بات کا ثبوت دے کہ ہم ہندوستانی ہیں اور اس کی ملک کی کامیابی و ترقی میں ہمارا بھی حصہ ہے ۔ مفتی محمد قاسم القادری حنفی نعیمی اشرفی (بریلی شریف) نے کہا کہ رب تعالیٰ نے قرآن پاک میں اپنے حبیب ﷺ کی بلندیوں اور عظمتوں کا اظہار جس طرح فرمایا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلمانوں کی ہر کامیابی کا راز صرف اور صرف محبت رسول ﷺ میں مضمر ہے ۔ آج مسلم والدین و سرپرستوں پر لازمی ہوجاتا ہے کہ وہ اپنی نسلوں کو دنیاوی تعلیم سے پہلے دینی تعلیم دلائیں ۔ مفتی محمد منظور ضیائی ( ممبئی ) نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی جانب سے حکومت کے مخالف اسلام قانون ’ ’ طلاق ثلاثہ ‘ ‘ پر قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دین نہ کبھی بدلا تھا نہ کبھی بدلے گا ، بلکہ بدل جائینگے اسکو بدلنے کی سونچ رکھنے والے ، انہوں نے اسلامی بہنوں سے کہا کہ وہ کسی قسم کے انتشار کا شکار نہ ہو ،جو شخص اپنے گھر کا نہ ہوسکا اپنی بیوی کا نہ ہوسکا وہ کیا ہماری اسلامی بہنوں کو انصاف دلائے گا انہوں سامعین کے کثیر ہجوم سے اس بات کا عہد لیا کہ وہ دین اسلام کے خلاف اُٹھنی والی ہر طاقت کو منہ توڑ جواب دینگے ۔ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی نے معراج النبی ﷺ کی حقیقت پر ر وشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسانیت معجزہ معراج کی حقیقت کو سمجھنے سے قاصر ہے رب تعالیٰ کی قدرت کی واضح او ر روشن دلیلیں ان معجزات کے ذریعہ بندوں تک پہونچتی ہیں جہاں رب تعالیٰ نے اپنے محبوبﷺ کی عظمتوں کا اظہار کیا وہیں پر اپنے محبوب سے محبت اور الفت کو بھی مومنوں کیلئے فرض عین قرار دیا ۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب صدر رحمت عالم کمیٹی )نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا ۔ نظامت کے فرائض حافظ شیخ حسین قادری ملتانی نے انجام دئیے ۔ محمد عادل اشرفی ، سید لئیق قادری ، محمد عبدالکریم رضوی ، سید عثمان ثاقبی ، سید طاہر حسین ، محمد عبید اللہ سعدی قادری شرفی ،سیدعمران نے انتظامات کئے ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام و رقت انگیز دعا پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔