احمدآباد سے نریندر مودی کی ’’چائے پر گفتگو‘‘ مہم کا آغاز

احمدآباد؍ فریدآباد۔ 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عام انتخابات کے لئے کمر کس چکی بی جے پی نے چہارشنبہ سے ملک بھر میں ’’چائے کی چوپال‘‘ لگا رہی ہے اور اس مہم کی شروعات احمدآباد سے کی جارہی ہے۔ بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار احمدآباد میں چائے کی چوپال لگاکر ایک ساتھ 300شہروں میں لوگوں سے بات کریں گے۔ بی جے پی اس مہم کے تحت 2 کروڑ افراد تک پہونچنے کی کوشش میں ہے۔ مودی انتخابی تشہیر کا انوکھا طریقہ اختیار کررہے ہیں۔ بی جے پی نے اس مہم کو ’’چائے پر گفتگو ‘‘کا نام دیا ہے۔ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار احمدآباد میں بذات خود ایک ٹی اسٹال پر جاکر اس مہم کا حصہ بنیں گے۔ اس مہم کے تحت نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ 300 شہروں میں تقریباً ایک ہزار مقامات پر لوگوں سے براہ راست بات چیت کریں گے۔ احمدآباد میں چائے کی دکانوں پر مودی کا رنگ چڑھ چکا ہے۔ ہر جگہ مودی کے پوسٹرس لگائے گئے ہیں اور لوگ چائے کی چسکیوں کے ساتھ اس مہم کا تذکرہ کررہے ہیں۔ احمدآباد کے ساتھ ساتھ ملک کے باقی شہروں میں بھی بی جے پی

اس مہم کو کامیاب بنانے میں مصروف ہوگئی ہے۔ دہلی، فریدآباد میں بی جے پی یووا مورچہ کے صدر انوراگ ٹھاکر نے خود لوگوں میں چائے تقسیم کی۔ بی جے پی نے پانچ پانچ دنوں کے فرق سے ملک کے الگ الگ شہروں میں اس طرح کی چوپال لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ عوام اس مہم سے جڑ کر چائے کی چسکیوں کے ساتھ براہ راست مودی سے روبرو ہوسکیں گے۔ پارٹی کی یہ کوشش ہے کہ انتخابات سے قبل ملک کی ہر گلی ، محلوں اور دکانوں پر بی جے پی اور مودی کا تذکرہ ہو۔ دریں اثناء کانگریس قائد منی شنکر ایّر کی تھمائی گئی سیاسی چائے سے مودی کو فی الحال فائدہ ہوتا نظر آرہا ہے۔ کیرالا میں بھی نریندر مودی اس مہم کے ذریعہ جملہ 32 ٹی اسٹالس پر نظر آئیں گے۔ ریاست میں جملہ 32 اسٹالس کو اس مہم کیلئے منتخب کیا گیا ہے جہاں عوام ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مودی سے بات کرسکیں گے۔