اتم کمار ریڈی کا 3 جون کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ

سی ایل پی کے انضمام کیلئے ٹی آر ایس کو ایک رکن کی ضرورت
حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی توقع ہے کہ 3 جون کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں گے۔ واضح رہے کہ حضور آباد اسمبلی حلقہ سے منتخب ہونے والے اتم کمار ریڈی لوک سبھا چناؤ میں نلگنڈہ حلقہ سے منتخب ہوچکے ہیں۔ قواعد کے مطابق اندرون 15 یوم کسی ایک نشست سے استعفی دینا ضروری ہے لہذا اتم کمار ریڈی نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفی کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ 3 جون کو اپنا استعفیٰ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کے حوالے کردیں گے۔ حضور نگر اسمبلی حلقہ کیلئے ضمنی چناؤ کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حلقہ کیلئے اتم کمار ریڈی کی شریک حیات اہم دعویدار ہیں جنہیں کوداڑ اسمبلی حلقہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نلگنڈہ کے بعض دیگر قائدین بھی حضور آباد اسمبلی نشست پر نظر جمائے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف اتم کمار ریڈی کے استعفیٰ سے اسمبلی میں کانگریس ارکان کی تعداد 19 سے گھٹ کر 18 ہوجائے گی اور ٹی آر ایس میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے انضمام کیلئے صرف ایک رکن کے انحراف کی ضرورت پڑے گی کیونکہ پہلے سے ہی 11 کانگریسی ارکان انحراف کا اعلان کرچکے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ اتم کمار ریڈی کے استعفی کے بعد برسراقتدار پارٹی سی ایل پی کے انضمام کی کارروائی کو آگے بڑھائے گی یا پھر تبدیل شدہ سیاسی حالات میں اسے مزید کچھ دنوں کیلئے ٹال دیا جائے گا۔