اتم کمار ریڈی تلنگانہ کے نئے صدر پردیش کانگریس کمیٹی مقرر

پنالہ لکشمیا کو چھٹی، ایم ایل سی کی مساعی بھی رائیگاں ثابت، کانگریس ہائی کمان کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے ایم ایل سی کی دوڑ میں شامل رہنے والے مسٹر پنالہ لکشمیا کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے انہیں پردیش کانگریس کی صدارت سے ہٹا دیا۔ معاون صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے مسٹر اتم کمار ریڈی کو تلنگانہ کا نیا پردیش کانگریس کمیٹی صدر نامزد کردیا۔ کانگریس پارٹی میں کب کیا ہوگا خود کانگریس قائدین کو اس کا اندازہ نہیں ہوتا۔ اسی صورتحال سے پنالہ لکشمیا بھی گذرے ہیں۔ گریجویٹ کوٹہ سے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی منظوری کیلئے دہلی پہنچنے والے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے حیدرآباد لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے ایم ایل اے کوٹے سے کانگریس کو حاصل ہونے والی ایک نشست کیلئے اپنی دعویداری پیش کی اور سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے کیلئے دہلی میں قیام کیا۔ تاہم کانگریس ہائی کمان نے آج انہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت سے ہٹا دیا ان کی جگہ حضورآباد اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی و معاون صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کو صدر نامزد کردیا۔ پارٹی کے باوثووق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس ہائی کمان پنالہ لکشمیا کے انداز کارکردگی سے بھی ناخوش تھی۔ ان پر پارٹی کے تمام قائدین کو ساتھ لے کر کام کرنے میں ناکام ہونے کا الزام تھا۔ پارٹی کے کئی سینئر و جونیر قائدین نے پنالہ لکشمیا کو عہدے سے ہٹانے کی ہائی کمان سے شکایت کی تھی جس پر کانگریس ہائی کمان نے انہیں عہدہ صدارت سے ہٹا دیا اور اتم کمار ریڈی کو ان کی جگہ صدر نامزد کردیا۔ تاہم اس کی بھی سرکاری طور پر کوئی توثیق نہیں ہوئی ہے۔ پارلیمنٹ میں بجٹ پیش ہونے کی وجہ سے کانگریس کے سینئر قائدین اس میں مصروف ہیں۔ مسٹر اتم کمار ریڈی سے جب اس سلسلہ میں بات کی گئی تو انہوں نے اس پر فوری ردعمل کا اظہار کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ شام تک انتظار کریں گے سرکاری طور پر اعلان ہونے کے بعد ہی وہ اس پر ردعمل کا اظہار کریں گے۔ پنالہ لکشمیا ابھی تک میڈیا سے رابطہ میں نہیں آئے۔