اتم کمار ریڈی امیدواروں کی فہرست کے ساتھ دہلی روانہ

حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست کے ساتھ دہلی پہونچ چکے ہیں ۔ فہرست کو اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا گیا ۔ حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے لیے کسی کے نام کی بھی سفارش نہیں کی گئی حالانکہ انچالیس درخواستیں وصول ہوئی ۔ ہر حلقہ کے لیے تین ناموں کی سفارش کی گئی ہے ۔ جس میں ایک بھی مسلم نام شامل نہیں ہے ۔ بعض حلقوں پر صرف ایک یا دو نام بھی پیش کئے گئے ہیں ۔ سکندرآباد سے انجن کمار یادو ، کریم نگر سے پونم پربھاکر ، ظہیر آباد سے مدن موہن راؤ ، میدک سے بی انیل ، نلگنڈہ سے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے نام شامل ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مدھوگوڑ یشکی نے حلقہ لوک سبھا نظام آباد کے لیے سابق کرکٹر ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی محمد اظہر الدین کا نام پیش کیا تھا مگر اس کو قبول نہیں کیا گیا ۔۔