اتر پردیش اور ہریانہ میں راجیہ سبھا کیلئے مقابلہ آرائی یقینی

ایم جے اکبر اور سبھاش چندرا کا بھی پرچہ نامزدگی داخل
نئی دہلی۔/31مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا کے 2سالہ انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگیوں کا عمل آج اختتام پذیر ہوگیا۔ اگرچیکہ اتر پردیش اور ہریانہ میں مقابلہ یقینی نظر آرہا ہے، لیکن مرکزی وزیر پیوش گوئل اور سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم کے بلامقابلہ انتخاب کے امکانات روشن ہیں۔ اتر پردیش میں آج آخری دن ایک سماجی کارکن پریتی مہاپترا کے آزاد امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے پر یہ انتخابات دلچسپ ہوگئے ہیں جس کے باعث11نشستوں کیلئے 12امیدواروں کے درمیان مقابلہ آرائی ہوگئی ہے کیونکہ آزاد امیدوار مہاپترا کو متعدد بی جے پی ارکان اسمبلی، چھوٹی جماعتوں اور آزاد ارکان کی پشت پناہی حاصل ہے۔ سماجوادی پارٹی کے7 امیدوار، بی ایس پی کے 2بشمول قومی جنرل سکریٹری ستیش چندرا مصرا اور سینئر کانگریس لیڈر کپل سبل اور بی جے پی کے شیو پرتاپ شکلا کو مقابلہ آرائی سے گذرنا پڑیگا۔403 رکنی اتر پردیش اسمبلی میں حکمران سماجوادی پارٹی کے 229 ارکان اسمبلی، بی ایس پی کے 80، بی جے پی کے 41، کانگریس کے 29ارکان کے علاوہ چھوٹی جماعتوں اور آزاد ارکان ہیں ۔ ہر ایک امیدوار کو کامیابی کیلئے 37 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔

آـج آخری دن پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے والوں میں وزیر ریلوے سریش پربھو ، حکمران تلگودیشم کی تائید سے آندھرا پردیش اور میڈیا کی ممتاز شخصیت سبھاش چندرا، نامور وکیل آر کے آنند، آزاد امیدوار کی حیثیت سے ہریانہ، اور بی جے پی لیڈر ایم جے اکبر مدھیہ پردیش شامل ہیں۔ مہاراشٹرا سے تمام 6 امیدواروں بشمول چدمبرم( کانگریس ) مرکزی وزیر توانائی پیوش گوئل، پروفل پاٹل ( این سی پی ) اور بی جے پی کے سشرا بھودے اور وکاس مہاتما اور شیوسینا کے سنجے راوت نے پرچہ نامزدگیاں داخل کی ہیں۔ ایوان بالا کی 57 نشستوں کیلئے 15ریاستوں میں 11جون کو انتخابات منعقد ہوں گے ۔ پرچہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال یکم جون اور دستبرداری کی آخری تاریخ 3جون مقرر ہے ۔ ہریانہ میں سبھاش چندرا نے یہ ادعا کیا کہ انہیں حکمران بی جے پی اور دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہے جبکہ اصل اپوزیشن نیشنل لوک دل کے تائیدی امیدوار آنند جنہوں نے سابق میں پارٹی امیدوار کی حیثیت سے لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کیا تھا لیکن اب وہ پارٹی کے رکن نہیں ہیں اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے راجیہ سبھا انتخابات میں مقابلہ کررہے ہیں۔ بہار سے راجیہ سبھا کیلئے بی جے پی کے سابق ریاستی صدر گوپال نارائن سنگھ نے آج آخری دن پرچہ نامزدگی داخل کی جبکہ حکمراں اتحاد کے امیدواروں کی حیثیت سے شرد یادو اور آر سی پی سنگھ ( جنتا دل متحدہ ) رام جیٹھ ملانی اور میسا بھارتی (آر جے ڈی ) نے کل پرچہ نامزدگیاں داخل کی تھیں۔