اترپردیش میں تیسرے اور آخری مرحلے کیلئے رائے دہی

لکھنؤ،29نومبر (سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش میں تشدد کی چھوٹی موٹی واردات کے درمیان بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں آج 12بجے تک 53فیصد ووٹنگ ہونے کی اطلاع ہے ۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقے رائے بریلی سمیت اترپردیش کے 26اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کی ووٹنگ سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوئی۔ووٹنگ شام پانچ بجے تک چلے گی۔ صبح سے ہی پولنگ اسٹیشنوں پر چہل پہل شروع ہوگئی تھی۔کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کی لمبی قطاریں لگ گئیں تھیں۔حالانکہ ،کچھ پر اکا دکا ووٹر ہی نظر آئے ۔دو پولنگ اسٹیشنوں پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)میں گڑبڑی کی شکایت تھی لیکن وقت پر ہی اسے ٹھیک کرلیا گیا۔ ووٹنگ کے دوران امن و قانون کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری 80ہزار پولیس اہلکاروں پر ہے جن میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کی 40 کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ اس مرحلے میں سہارن پور، باغپت، بلندشہر، مرادآباد، سنبھل، بریلی، ایٹا، فیروزآباد، قنوج، اورئیا، کانپور دیہات، جھانسی، مہوبہ، فتح پور، رائے بریلی، سیتا پور، لکھیم پوری کھیری، بلرام پور، سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، کشی نگر، مئو، چندولی، جونپور اور مرزا پور اضلاع میں ووٹنگ ہورہی ہے۔

کانگریس کو پارلیمنٹ میں عدم تعاون کا انتباہ : ممتا
کولکتہ ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج اپوزیشن کانگریس پر اسمبلی اجلاس کا تقریباً ہر روز بائیکاٹ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ ان کی پارٹی ترنمول کانگریس پارلیمنٹ میں کانگریس کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگ سمجھتے ہیں کہ اخبارات میں اپنی تصاویر شائع کروانے کیلئے وہ لوگ ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے اور حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے رہیں گے۔ وہ خود اپنے اصولوں اور پالیسیوں کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔ صدر ٹی ایم سی نے کہا کہ کانگریس نے ان کی پارٹی کا پارلیمنٹ میں تعاون طلب کیا تھا اور وہی پارٹی اسمبلی کے اجلاس کا جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے بائیکاٹ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو یہ ذہن نشین کرنا چاہئے کہ اگر آپ اس طرح کا رویہ اختیار کریں تو آپ کو اسی رویہ کا دہلی میں بھی سامنا کرنا پڑے گا۔