اترپردیش میں بنگلہ دیشی شہریوں پر خاص نظر رکھی جائے

لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے موثر اقدامات ضروری ۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ کی ہدایت
لکھنو 16 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ غیر سماجی عناصر پر نظر رکھیں اور ریاست میں غیر قانونی طور پر مقیم بیرونی شہریوں کی شناخت کی جائے ۔ یہ ہدایت ایسے وقت میں کی گئی ہے جبکہ تہواروں کا سیزن ہے اور ریاست میں مجالس مقامی کے انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔ کل رات دیر گئے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا کہ تہواروں کے روایتی انداز میں منائے جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ سکیوریٹی انتظامات کئے جانے چاہئیں تاکہ دیوی لکشمی اور لارڈ گنیش کی مورتیاں بٹھائی جائیں اور ان کا وسرجن بھی پرسکون انداز میں ہوسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جانے چاہئیں کہ چوری ‘ ڈکیتی ‘ خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور چین چھیننے کے واقعات پر بھی قابو پایا جاسکے ۔ اس کے علاوہ مختلف بازاروں اورمارکٹوں کے علاقوں میں بھی سکیوریٹی انتظامات کئے جانے چاہئیں۔ چیف منسٹر ضلع مجسٹریٹس اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کے علاوہ سینئر سپرنٹنڈنٹس پولیس عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کر رہے تھے ۔ مجالس مقامی انتخابات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ مجالس مقامی انتخابات کے پرسکون انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کی شناخت کی جانی چاہئے اور یہ اقدامات کئے جانے چاہئیں کہ یہاں انتخابات کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعات پیش نہ آئیں۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم بیرونی شہری رکاست میں لا اینڈ آرڈر کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں غیر قانونی طور پر مقیم بیرونی شہریوں خاص طور پر بنگلہ دیشی شہریوں کی شناخت کی جانی چاہئے اور ان کی سرگرمیوں کی مکمل تفصیلات جمع کی جانی چاہئیں۔ آدتیہ ناتھ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں مجرمین کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کریں اور کہا کہ ریاست میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ریاستی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ آدتیہ ناتھ نے انتظامی اور پولیس عہدیداروں سے مزید کہا کہ وہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ عوامی شکایات کا موثر انداز میں ازالہ ہوسکے اور یہ کام تحصیل اور پولیس اسٹیشن کی سطح پر کیا جانا چاہئے ۔