اتراکھنڈ اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت

ہائی کورٹ کے احکامات کو مرکزی حکومت کا چیلنج

دہرادون ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مرکزی حکومت آج اتراکھنڈ اسمبلی میں 31 مارچ کو اکثریت ثابت کرنے سے متعلق سنگل بنچ کی ہدایت کے خلاف ریاستی ہائی کورٹ سے رجوع ہوگئی ہے ۔ چیف جسٹس کے ایم جوزوف اور جسٹس وی کے بشت پر مشتمل ڈیویژن بنچ کے روبرو مرکزی حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل مکل روہنگی نے ایک عرضی پیش کی ۔ یہ وضاحت طلب کی کہ ریاست میں صدر راج کے نفاذ اور اسمبلی کو معطل کیے جانے کے بعد بھی ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کا موقع فراہم کیا جاسکتا ہے ؟ ریاست میں صدر راج کے نفاذ کے خلاف پیشکردہ رٹ عرضی پر 2 دن تک سماعت کے بعد سنگل جج بنچ جسٹس یو سی دیانی نے کل عبوری احکامات میں 31 مارچ کو اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت دی تھی اور نا اہل قرار دئیے گئے کانگریس کے 9 ارکان اسمبلی کو ووٹ دینے کی اجازت دیدی تھی ۔ سابق چیف منسٹر ہریش راوت نے اپنے وکیل ابھیشک سنگھوی کے ذریعہ ایک رٹ عرضی داخل کی ہے جس میں مرکزی حکومت کو مدعی علیہ بنایا گیا ہے ۔