اتحاد کی حکومت بننے پر3 ہزار بطور پنشن دئیے جائیں گے :اکھیلیش

باندہ۔ 30اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سماجوادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی پر سماج وادی پنشن اسکیم کو بند کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر مرکز میں اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو وہ 3 ہزار روپئے بطور پنشن دیں گے ۔مسٹر یادو نے منگل کو یہاں اترا کے میدان میں منعقد عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پنشن کے طور پر 500 روپئے دئے جاتے تھے لیکن مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت نے پنشن بند کردیا۔ اگر دہلی میں اتحاد کی حکومت بنی تو 3000 روپئے بطور پنشن دئیے جائیں گے ۔ایس پی سربراہ نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ چار مرحلوں کے انتخابات ہوجانے کے بعد گھسا پٹا نعرہ نہیں چلے گا۔ آپ گذشتہ وعدوں کی فہرست اٹھائیے اور دیکھئے کہ باندا کو اس میں سے کیا ملا۔ یوگی آدتیہ ناتھ پر حملہ کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ بابا لیپ ٹاپ چلانا نہیں جانتے اس لئے لیپ ٹاپ کی اسکیم بھی بند کردی۔ ایس پی لیڈر نے کہا کہ یہ ‘مہا ملاوٹی’ نہیں‘مہا پری ورتن’(عظیم تبدیلی) کا وقت ہے ۔ موجودہ حکومت میں نوجوانوں نے نوکریوں کا مطالبہ کیا تو انہیں لاٹھیاں ملیں، بی جے پی روزگار دینے کے بجائے نوجوانوں کو پکوڑے تلنے کا مشورہ دے رہی اور چوکیدار بنارہی ہے ۔ یادو نے طنز کستے ہوئے کہا کہ بی جے پی نوجوانوں سے پکوڑے تلوانا چاہتی ہے تاکہ بیرون ملک سے تیل زیادہ مقدار میں آئے اور اس کے سرمایہ کار دوستووں کا فائدہ ہو۔ایس پی سربراہ نے سوال کیا کہ اترپردیش حکومت نے دوسال میں باندہ کے لئے کیا کیا۔ ہم نے میڈیکل کالج کھولا لیکن آج وہاں ڈاکٹر اور دوائیں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باندہ سمیت بندیل کھنڈ میں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے لوگ مسلسل ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔ان کی حکومت بنی تو میڈیکل کالج میں ڈاکٹر ہوں گے اور دو ا بھی اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر کرائے جائیں گے ۔