ابھینندن کو رہا کرنے کی جلد بازی کیا تھی: شیری رحمن

اسلام آباد۔ 2 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن وردھمان کو رہا کرنے پر پاکستان کی عمران خان حکومت سے اپوزیشن خاصا ناراض ہے اور پارلیمنٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی لیڈر شیری رحمن نے پوچھا ہے کہ ابھینندن کو رہا کرنے کی اتنی ’جلد بازی‘کیا تھی۔ شیری رحمن نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں بحث کے دوران کہا کہ یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ دوسری طرف سے کیا پیغام آیا۔ انہوں نے سوال کیا ’’ کیا ہندوستان بات چیت کے لئے تیار ہوا‘‘۔پی پی پی لیڈر نے کہا کہ وہ ہندوستانی پائلٹ کو رہا کئے جانے کے خلاف نہیں ہیں مگر یہ جاننا چاہتی ہیں کہ کیا پاکستان کو اسے رہائی کے لئے کہا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم سے اس سلسلہ میں کچھ نہیں کہا گیا تو یہ ایک ناتجربہ کارسفارتی قدم ہے ۔امریکہ کو ہندوستان کا ایک ساتھی بتاتے ہوئے شیری رحمن نے کہا کہ پاکستان سے کہا گیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف قدم اٹھائے ۔ ابھینندن کو رہا کئے جانے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے شیری رحمن نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان کے بار بار ٹیلی فون کئے جانے پر بھی جواب نہیں دیا۔انہوں نے سوال کیا’’پائلٹ کو رہا کرنے کا فیصلہ راتوں رات کیسے ہوگیا۔ ہندوستان نے اس قدم کا کیا جواب دیا۔ ہندوستان کو کم سے کم وزیر اعظم کے ٹیلی فون کا جواب تو دینا چاہیے تھا ‘‘۔