ابوظہبی میں اولین مندر کا وزیراعظم کے ہاتھوں افتتاح

دبئی۔11فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج سرکاری طور پر ایک پراجکٹ کا ابوظہبی میں افتتاح کیا جس کے تحت ابوظہبی میں اولین ہندو مندر تعمیر کیا جائے گا ۔ انہوں نے اس مقدس مقام کو انسانیت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے ایک ’’ کیٹالٹک ایجنٹ ‘‘ ( احتراق انگیز عنصر ) قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دبئی اوپیرا ہاؤز میں چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے کیلئے وہ آئے ہوئے ہیں اور ہندوستانی برادری کو بھی خطاب کریں گے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ مندر کیلئے دل کھول کر اپنا حصہ ادا کریں اور اس مقصد کی تائید کریں کیونکہ اس سے دوسروں کو کسی بھی قسم کا نقصان نہیں پہنچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں عوام سے بھرپور تعاون کی توقع ہے ۔ انہوں نے مندر کے نمونے کی نقاب کشائی بھی کی اور ابوظہبی کے ولیعہد شہزادہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مہربانی سے مندر کیلئے اراضی کا عطیہ دیا ہے ۔ مودی نے کہا کہ یہ مندر ہندوستان کی شناخت کا ’’ مظہر ‘‘ ہوگا ۔