ابوجا میں حامدانصاری کے ہاتھوں ہائی کمیشن چانسری کا افتتاح

ابوجا۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے نائجیریا میں موجود 35,000 ہندوستانی شہریوں کا نائجیریا کی ترقی میں تعاون پیش کرنے پر زبردست ستائش کی۔ حامد انصاری نے ہندوستانی ہائی کمیشن کے چانسری کامپلکس کا آج افتتاح کیا۔ اپنے دو روزہ دورہ کے پہلے مرحلہ میں حامد انصاری کل شام یہاں پہنچے اور نائجیریا میں سکونت پذیر ہندوستانیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ تصویرکشی بھی کروائی۔ انہوں نے کل ایک تقریب میں اپنے خطاب کے دوران ہندوستانی شہریوں کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ تدریس، آئی ٹی اور تجارت کے شعبہ میں ہندوستانی شہریوں نے نائجیریا میں بھی اپنی موجودگی کااحساس دلایا۔ انہوں نے کہا کہ نائجیریا کا دارالخلافہ ایک اسمارٹ سٹی ہونے کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ اسمارٹ سٹی کانسپٹ خود ہندوستان میں بھی آزمایا جارہا ہے۔ حامد انصاری اور ان کی اہلیہ نے ہائی کمیشن کی عمارت کے صحن میں شجرکاری بھی کی۔