آپریشن بلیو اسٹار سے سیاسی فائدہ مقصود نہیں :بادل

چندی گڑھ ۔ 8 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) 1984 کے مخالف سکھ فسادات ’’بڑی سازش‘‘ کا نتیجہ تھے جو ’’مرکزی حکومت اور کانگریس نے مل کر بنائی ‘‘ تھی ، چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل نے آج یہ بات کہی اور اپوزیشن پارٹی کے آپریشن بلیو اسٹار مسئلے پر کئے گئے دعوؤں پر شدید تنقید کی ۔ سینئر کانگریس لیڈر امریندر سنگھ نے ایک روز قبل بادل کو سیاسی مفادات کے لئے آپریشن بلیو اسٹار کا مسئلہ چھیڑنے کا مورد الزام ٹھہرایا تھا ، جس کے جواب میں شرومنی اکالی دل نے اس الزام کو ’’جھوٹ اور بے بنیاد ‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ۔ بادل نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یہ بدبختانہ سونچ ہے ۔ جو کچھ امریندر کہتے ہیں جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔ اس میں کوئی سچائی نہیں ۔ ’’جہاں امریندر آپریشن بلیو اسٹار کے بعد کوئی جیل نہیں گئے وہیں میں نے کئی ماہ جیل میں گذارے ‘‘۔ انھوں نے کہا کہ اُس وقت جذبات بھڑک اُٹھے تھے پھر بھی نہ صرف سکھ لوگ بلکہ صحیح سوچ و فکر والے ہندو اور دیگر لوگوں نے بھی اُس کی مذمت کی جو کچھ پیش آیا ۔