آٹو کو ٹپر کی ٹکر ، آٹھ افراد زخمی دو کی حالت تشویشناک

یلاریڈی ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے علاقہ جیتی جانکم پلی کے قریب والے ملیکا کنٹہ تانڈا پر ٹھہرے ہوئے آٹو کو پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ٹپر گاڑی نے ٹکر دیدی جس سے آٹو میں بیٹھے آٹھ مسافرین زخمی ہوگئے ۔ منڈل کے راگووا پلی سے تعلق رکھنے والا لکشمیا اپنے آٹو میں آٹھ مسافرین کو لیے یلاریڈی کی طرف آرہا تھا کہ تانڈا کے پاس مسافرین کو اتارنے کے لیے ٹھہرا اس وقت تیز رفتار سے ٹپر گاڑی پیچھے سے آکر ٹکر دیدی ۔ جس سے آٹو اوپر اڑ کر نیچے آگرا ۔ اور اس حادثہ میں موضع راگھوا پلی کے ایشور ، ملاوت چامپلی ، کناریڈی کے راتی ، انگوت لالی ، انگوت جیسی ، پیریا اور اچیاپلی کے ساوتری ، بالیا زخمی ہوگئے ۔ ان تمام زخمیوں کو یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا اور ان میں ایشور ، لالی شدید زخمی ہونے پر انہیں کاماریڈی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ آٹو ڈرائیور لکشمیا کی شکایت پر پولیس مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کررہی ہے ۔۔