آنگن واڑی کارکنوں کی تنخواہوں میں اضافہ ‘ چیف منسٹر کا فیصلہ

حیدرآباد 27فبروری ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آنگن واڑی کارکنوں کی تنخواہوں میں اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں ماہانہ 10,500 روپئے تنخواہ دینے ‘ ماتحتین کو 6000 روپئے تنخواہیں دینے کا اعلان کیا ہے ۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے آنگن واڑی کارکنوں کا اجلاس طلب کرکے ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت آنگن واڑی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں عہدکی پابند ہے ‘ انہیں ماہانہ 10,500روپئے تنخواہ ادا کی جائیں گی ۔ ان کے ماتحت عملہ کو 6000 روپئے ماہانہ تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹرنے کہا کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے آنگن واڑی کارکنوں کو سوپروائیزر کے عہدے پر ترقی دی جائیگی ۔ انہوں نے آنگن واڑی کارکنوں پر اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے غیر معمولی دباؤ ڈالنے کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کی شکایتیں وصول ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ آنگن واڑی سنٹرس میں طلبہ کو پیٹ بھر کھانا کھلانے کی چیف منسٹر نے کارکنوں کو ہدایت دی ‘ ماضی کی طرح گاؤں کو بنیاد بناکر کھانا تقسیم نہ کرنے کا مشورہ دیا اور اس معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دی ۔ حاملہ خواتین کو تغذیہ بخش غذا فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ جن آنگن واڑی کارکنوں کے پاس مکانات نہیں ہے انہیں مکانات تعمیر کرنے کی کوشش کرنے کا تیقن دیا ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں حاملہ خواتین کی زچگی کرانے خواتین میں شعور بیدار کرنے آنگن واڑی کارکنوں کو ہدایت دی گئی ۔چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت حاملہ خواتین کو تین مرحلوں میں 12ہزار روپئے ادا کرنے پر غور کررہی ہے ۔ لڑکی کی پیدائش پر 13ہزار روپئے معاوضہ ادا کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ بچوں کی اموات کی روک تھام کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔چیف منسٹر نے کہا کہ زچہ بچہ کی دیکھ بھال اور ان کی ترقی و بہبود پر حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ غریب حاملہ خواتین کو آنگن واڑی سنٹرس سے آروگیہ لکشمی اسکیم کے تحت تغذیہ بخش غذا ‘ دودھ ‘ انڈے تقسیم کرنے کا تیقن دیا ۔ آنگن واڑی کارکنوں نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ کے علاوہ دوسری سہولتیں فراہم کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ۔