آنکھیں

آنکھوں کو چہرے کا سب سے زیادہ خوبصورت حصہ سمجھا جاتا ہے تاہم یہ آنکھیں اسی وقت خوبصورت لگتی ہیں جب آپ کی صحت اچھی ہو ۔ آنکھیں سیاہ حلقوں سے پاک ہوں اور ان کا میک اپ احتیاط سے کیا گیا ہو ۔ آنکھوں کی خوبصورتی کے سب سے بڑے دشمن سیاہ حلقے ہیں ۔ سیاہ حلقوں کی وجہ سے آنکھیں اندر دھنسی ہوئی چھوٹی اور غیر متاثرکن لگتی ہیں ۔ ایسی آنکھوں سے چہرے کا باقی حسن بھی ماند پڑ جاتا ہے ۔ اس لئے کوشش کریں کہ آنکھوں کے گرد حلقے کسی صورت نہ پڑیں یا اگر پڑے ہوں تو پھر جلد سے جلد ان کا علاج کروائیں ۔آنکھوں کو سیاہ حلقوں سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ آپ کی صحت اور خوراک اچھی ہو ۔

اچھی صحت ہوگی تو آپ کے چہرے پر بھی نظر آئے گی ۔ اس کے علاوہ خوراک میں پھلوں ، سبزیوں اور جوس وغیرہ کا استعمال بڑھادیں ، نیند پوری کرنے سے بھی ان حلقوں سے بچاجاسکتا ہے ۔ نیند پوری نہ ہونے سے جہاں سیاہ حلقے پڑتے ہیں وہیں آنکھ کے ارد گرد نازک جگہ پر جھریاں پڑ جاتی ہیں اور چہرے کا یہ حصہ کسی بوڑھے اور بیمار کے چہرے کا عکس دینے لگتا ہے ۔ وہ افراد جو نظر کی کمزوری کیلئے چشمہ لگاتے ہیں ان کی آنکھوں کے گرد بھی حلقے پڑ جاتے ہیں ۔ حلقوں کا علاج وٹامن ای سے بھرپور کریموں وغیرہ سے بھی کیا جاسکتا ہے ۔ جبکہ مختلف قسم کے ماسک بھی چہرے کی اور آنکھوں کے ارد گرد کی جلد کو خوبصورت بناتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے کھیرے اور آلو کا ماسک مفید رہتا ہے ۔ اس مقصد کیلئے آدھا کھیرا اور آدھا آلو لے کر انہیں گرائنڈر میں اچھی طرح پیس لیں ۔ اپنی آنکھیں بند کریں اور اس آمیزے کو اچھی طرح بند آنکھوں کے اوپر پھیلادیں ۔ 15 منٹ تک اس آمیزے کو آنکھوں پر لگا رہنے دیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں ۔ ایک ہفتے تک روزانہ دو بار یہ عمل کرنا آپ کو سیاہ حلقوں سے مکمل نجات دلادے گا ۔