آندھرا کابینہ کا اجلاس نئی راجدھانی پر غور

حیدرآباد۔یکم ستمبر ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش کی کابینہ نے آج شام منعقدہ اپنے اجلاس میں نئی ریاست میں راجدھانی کے قیام کے امکانی مقام پر مرکزی کمیٹی کی رپورٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ مرکزی شیواراما کرشنن کمیٹی نے نئی راجدھانی کے قیام کیلئے امکانی مقامات تجویز کی ہے اور اپنی رپورٹ گذشتہ ہفتہ مرکز کو پیش کرچکی ہے ۔ تاہم اس میں کسی مخصوص مقام کی نشاندہی نہیںکی گئی ہے ۔ کابینہ کا اجلاس تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے جاری رہا لیکن امکانی صدر مقام کے بارے میں کسی فیصلہ سے گریز کیا گیا ۔ سرکاری ذرائع نے کہا چونکہ ریاستی مقننہ کا اجلاس جاری ہے ۔ چنانچہ کابینی فیصلوں کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا ۔ چیف منسٹر نے اپنے کابینی رفقاء کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نئی راجدھانی کے مسئلہ پر بات چیت نہ کریں کیونکہ توقع ہے اسمبلی میں کل وہ خود اس موضوع پر بیان دیں گے ۔ تاہم توقع ہے کہ وجئے واڑہ کو ہی نئی راجدھانی کے طور پر منتخب کیا جائے گا ‘ حالانکہ شیوا راما کرشنن کمیٹی نے اس تجویز کی حمایت نہیں کی ہے