آندھرا پردیش ہائیکورٹ کے چیف جسٹس و ججس کی کل حلف برداری

چیف منسٹرس کیمپ آفس وجئے واڑہ میں عارضی عدالت کا قیام
حیدرآباد۔/30 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس اور نئے تقرر کئے گئے ججس کی تقریب حلف برداری کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں جاری ہیں۔ نئے چیف جسٹس پروین کمار اور نئے تقرر ججس کی تقریب حلف برداری وجئے واڑہ میں واقع اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔ نئے چیف جسٹس پروین کمار کے علاوہ نئے ججس کو گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن عہدہ اور راز داری کا یکم جنوری کو حلف دلائیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ مرکزی وزارت قانون کی جانب سے آندھرا پردیش و تلنگانہ کیلئے پائے جانے والے مشترکہ ہائی کورٹ کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے آندھرا پردیش ہائی کورٹ کا قیام عمل میں لانے کا اعلامیہ جاری کیا تھا اور صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند نے بھی اس کی منظوری دی تھی۔آندھرا پردیش ہائی کورٹ کا وجئے واڑہ میں واقع چیف منسٹر کیمپ آفس میں عارضی طور پر قیام عمل میں لایا جائے گا اور بعد ازاں یعنی چند دن بعد ہائی کورٹ کو ڈسٹرکٹ کورٹ وجئے واڑہ کی عمارت میں منتقل کردیا جائے گا۔ اسی دوران آج وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات مسٹر نارائنا نے امراوتی میں واقع سٹی سیول کورٹ کے جاری تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔