آندھرا پردیش کے خانگی ہاسپٹلس میں مفت زچگیوں کی سہولت

ریاستی حکومت کی ہدایت، وزیر میڈیکل ایجوکیشن این محمد فاروق کا بیان
حیدرآباد۔/30 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حکومت آندھرا پردیش نے پرائیویٹ ہاسپٹلس میں بھی مفت زچگیاں کرنے کیلئے ضروری ہدایات پرائیویٹ ہاسپٹلس انتظامیوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ضروری احکامات بھی جاری کئے گئے۔ ریاستی وزیر میڈیکل ایجوکیشن و اقلیتی بہبود حکومت آندھرا پردیش جناب این محمد فاروق نے اس بات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سفید راشن کارڈ رکھنے والی حاملہ خواتین کیلئے اب تک صرف سرکاری ہاسپٹلس میں ہی مفت زچگیاں کروانے کی سہولت فراہم تھی لیکن اب این ٹی آر میڈیکل سرویس کے تحت پرائیویٹ ہاسپٹلس میں مفت زچگیاں کروانے کی سہولتیں فراہم رہیں گی۔ جناب محمد فاروق نے بتایا کہ حکومت کے اس فیصلہ کی روشنی میں سالانہ زائد از 5 لاکھ حاملہ خواتین استفادہ کرسکیں گی۔ پرائیویٹ دواخانوں میں مفت زچگیوں کی سہولت فراہم کرنے پر زائد از 500 کروڑ روپیوں کا حکومت پر زائد مالی بوجھ عائد ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زچگیوں کے دوران بچوں کی اموات کا انسداد کرنا حکومت کا اہم مقصد ہے جس کے پیش نظر حاملہ خواتین جو سفید راشن کارڈ رکھتے ہوں وہ اب راست کوئی بھی پرائیویٹ ہاسپٹل سے رجوع ہوسکتی ہیں۔ وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ حکومت عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے اور گورنمنٹ ہاسپٹلس میں بھی بہتر طبی سہولتیں عوام کیلئے دستیاب رکھی جارہی ہیں۔