آندھرا پردیش کے بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ماہانہ 1000 روپئے بھتہ

ریاستی کابینہ میں فیصلہ ، سرکاری خزانہ پر سالانہ 1200 کروڑ روپئے کا بوجھ
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) آندھرا پردیش کابینی اجلاس میں ریاست کے بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ کی اجرائی سے متعلق ایک غیرمعمولی اہم فیصلہ کیا گیا اور ماہانہ ایک ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ، بیروزگار تعلیم یافتہ غریب نوجوانوں کو فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ آج شام آندھرا پردیش ریاستی سیکریٹریٹ میں چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں منعقدہ کابینی اجلاس میں بیروزگاری بھتہ کی صدارت میں منعقدہ کابینی اجلاس میں بیروزگاری بھتہ کی اجرائی کے مسئلہ پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا اور بالآخر بیروزگاری بھتہ کی اجرائی کے معاملے کو کابینہ کے اجلاس نے منظوری دے دی۔ اجلاس کے اختتام پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی حکومت آندھرا پردیش این لوکیش نے بتایا کہ ریاستی کابینہ کے اجلاس نے ریاست بھر میں 10 لاکھ بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ، فراہم کرنے کا فیصلہ کیا اور اس بیروزگاری بھتہ کی اجرائی پر سالانہ 1200 کروڑ روپیوں کا ریاستی حکومت پر زائد مالی بوجھ عائد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری بھتہ کی اجرائی کیلئے کم از کم اقل ترین تعلیمی قابلیت ڈگری یا کوئی ڈپلوما ہونا ضروری ہوگا۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ریاست میں غریب تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ کی اجرائی کیلئے غور کرنے کابینی ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اور بیروزگاری بھتہ کی اجرائی کے مسئلہ پر کابینی سب کمیٹی میں شامل تمام ارکان نے 12 ممالک کا مطالعاتی دورہ کرکے جائزہ لیا تھا۔ لوکیش نے بتایا کہ ہمارے ملک میں بھی تقریباً 10 ریاستوں میں بیروزگاری بھتہ فراہم کرنے تجربہ کیا گیا تھا اور لیکن ناکامی ہوئی تھی۔ چند ریاستوں میں صرف 2 سال کے دوران بیروزگاری بھتہ کی اجرائی روک دی گئی اور چند ریاستوں نے صرف 6 ماہ میں اس پروگرام کو روک دیا لیکن Saturation Model میں اس اسکیم پر عمل آوری کرنے والی ریاست آندھرا پردیش ملک بھر میں پہلی ریاست ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ بیروزگاری بھتہ اسکیم پر عمل آوری کیلئے چند قواعد مرتب کئے گئے ہیں۔ ان میں درخواست گذار سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندان سے تعلق رکھنا چاہئے اور سفید راشن کارڈ بھی ہونا چاہئے۔ اس بیروزگاری بھتہ کے حصول کیلئے 22 تا 35 سال عمر کے حامل بیروزگار گریجویٹ نوجوان ہی اہل ہوں گے۔ تعلیمی قابلیت ڈگری یا ڈپلوما کامیاب رہنا چاہئے۔ ایک خاندان میں تعداد کی کوئی حد نہیں ہوگی بلکہ ان تمام اہل بیروزگار نوجوانوں کو راست بینک کے ذریعہ ماہانہ ایک ہزار روپئے بینک اکاؤنٹ میں ڈال دیئے جائیں گے۔