آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ دینے کیلئے دہلی میں احتجاجی دھرنا

حیدرآباد /30 جولائی (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس نے آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دِلانے اور مرکز پر دباؤ ڈالنے کے لئے /10 اگست کو دہلی میں احتجاجی دھرنا منظم کرنے اور پارلیمنٹ تک مارچ کا فیصلہ کیا ہے۔ کسان بھروسہ یاترا کی تکمیل کے بعد حیدرآباد پہنچنے والے صدر وائی ایس آر کانگریس و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر پر اہم قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں پارٹی کے سینئر قائد پی سبھاش چندر بوس نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس آندھرا پردیش میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کر رہی ہے اور عوامی مسائل پر اسمبلی اور اسمبلی کے باہر احتجاج کیا جا رہا ہے، جب کہ تلگودیشم این ڈی اے کی حلیف ہونے کے باوجود آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دلانے اور آندھرا پردیش کے لئے خصوصی پیکیج حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی۔ انھوں نے بتایا کہ ہماری پارٹی کے 67 ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، ارکان قانون ساز کونسل اور دیگر قائدین جگن موہن ریڈی کی قیادت میں 10 اگست کو دہلی کے جنتر منتر پر صبح 10 تا سہ پہر 3 بجے احتجاجی دھرنا منظم کرنے کے علاوہ پارلیمنٹ تک مارچ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی نے عوامی مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، بلکہ وہ عوامی مسائل سے واقفیت کے لئے ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے ہیں۔