آندھرا پردیش کا انتظامیہ بالآخر نئے دارالحکومت کو منتقل ہوگیا

امراوتی ۔ یکم ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کیلئے آج ایک نئے دور کا آعاز ہوا جب اس کا مکمل انتظامیہ پوری طرح سے نئے دارالحکومت کے علاقہ امراوتی کو منتقل ہوگیا ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کل ہی عبوری سرکاری ہیڈ کوارٹرس میں اپنے چیمبر میں منتقل ہوگئے تھے ۔ یہاں آج دو پہر پہلی مرتبہ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جو ریاست میں سرکاری انتظامیہ کی نئی شروعات ہے ۔ اس سے قبل امراوتی میں انتظامیہ کی منتقلی کیلئے کئی تواریخ کا تعین کیا گیا تھا تاہم اس وقت ایسا ممکن نہیںہوسکا تھا ۔ در اصل چیف منسٹر کے دفتر سے متعلق بلاک کو منہدم کرکے نئی تعمیر واستو کے مطابق کی گئی تھی ۔ 3 اکٹوبر کے بعد سے یہاں سرکاری محکمہ جات کی منتقلی کا عمل شروع ہوا تھا ۔ اس عمارت میں مرمت و تزئین کے کئی معمولی سے کام ہنوز باقی ہیں۔ کئی وزرا ‘ سکریٹریز اور پرنسپل سکریٹریز کے چیمبرس گذشتہ ماہ کے اواخر میں ہی مکمل ہوگئے تھے تاہم چیف منسٹر کا دفتر دو دن قبل ہی مکمل ہوا ہے ۔ جب کل چیف منسٹر اپنے نئے دفتر میں منتقل ہوگئے اب حکومت پوری طرح امراوتی میں ویلاگوپوڈی سے کام کریگی ۔