آندھرا پردیش کابینہ کا اجلاس 14مئی کو متوقع

چیف منسٹر آفس سے چیف سکریٹری کے نام مکتوب کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش ریاستی کابینہ کا اجلاس سکریٹریٹ میں 14 مئی کو 10-30 بجے دن منعقد ہوگا ۔ قبل ازیں اجلاس 10 مئی کو منعقد کیا جانے والا تھا لیکن چند ناگزیر وجوہات کی وجہ سے ملتوی کیا گیا تھا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چار اہم موضوعات ( امور ) پر مبنی کابینہ کے اجلاس کا ایجنڈہ مرتب کر کے چیف منسٹر آفس سے گذشتہ دن ہی ریاستی چیف سکریٹری آندھرا پردیش مسٹر ایل وی سبرامنیم کو روانہ کردیا گیا ۔ اس چار نکاتی ایجنڈہ میں فانی طوفان سے متاثرہ مقامات پر امدادی و راحت کاری اقدامات ، ریاست میں پینے کے پانی کی صورتحال خشک سالی و دیگر موسمی حالات کے علاوہ نریگا اور ریاست میں روزگار فراہمی صورتحال وغیرہ شامل ہیں ۔ کابینہ کے اجلاس میں متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت کو یقینی بنانے کی چیف سکریٹری سے خواہش کی ۔ لیکن چونکہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ جاری ہے جس کے پیش نظر قبل از وقت ایجنڈہ کے سلسلہ میں مرکزی الیکشن کمیشن سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے ۔ لہذا وقت کی کمی کے باعث 10 مئی کو اجلاس منعقد کرنے کے لیے مرکزی الیکشن کمیشن سے منظوری ممکن نہیں تھی ۔ علاوہ ازیں چیف سکریٹری نے نوٹ روانہ کرنے کے بجائے ایجنڈہ مرتب کر کے روانہ کرنے کی صورت میں منظوری کے حصول کے لیے مرکزی الیکشن کمیشن کو روانہ کرنے کا ان سے ملاقات کرنے والے سکریٹری برائے چیف منسٹر کو مشورہ دیا ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسٹر سائی پرساد سکریٹری برائے چیف منسٹر نے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اجازت حاصل کر کے ایجنڈہ نوٹ چیف سکریٹری کو روانہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری کی زیر قیادت اسکریننگ کمیٹی ایجنڈہ نوٹ میں شامل کوئی امور انتخابی ضابطہ اخلاق میں آئے ہیں یا نہیں ۔ تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کمیٹی رپورٹ فوری طور پر مرکزی الیکشن کمیشن کو روانہ کی جائے گی ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مرکزی الیکشن کمیشن کو 24 گھنٹے قبل روانہ کرنے پر ہی کابینہ کا اجلاس منعقد کرلینے کی منظوری ممکن ہوسکے گی ۔ اس طرح 11 مئی کی شام تک یا 13 مئی کی صبح تک کابینہ کا اجلاس منعقد کرنے سے متعلق منظوری حاصل ہونے کی توقع ہے ۔۔