آندھرا پردیش میں 5 بوتھس پر آج دوبارہ رائے دہی

امراوتی 5 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں تین اسمبلی اور پانچ لوک سبھا حلقوں کے پانچ پولنگ بوتھس پر کل 6 مئی کو دوبارہ رائے دہی ہوگی ۔ یہ لوک سبھا حلقے تین اضلاع میں پھیلے ہوئے ہیں۔ یہاں لوک سبھا اور اسمبلی کیلئے بیک وقت 11 اپریل کو رائے دہی ہوئی تھی ۔ متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں اور مبصرین کی رپورٹس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے چہارشنبہ کو احکام جاری کئے تھے کہ ان بوتھس پر دوبارہ رائے دہی منعقد کی جائے ۔ یہ بوتھس گنٹور ‘ پرکاشم اور نیلور اضلاع میں ہیں۔ یہاں دوبارہ رائے دہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں نقائص کی بنیاد پر منعقد کی جا رہی ہے ۔ رائے دہی صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک منعقد ہوگی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر گوپال کرشنا دویدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں اور دوسرے اسٹاف کو دوبارہ رائے دہی کو کسی رکاوٹ کے بغیر یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔