آندھرا پردیش میں گرمی سے اموات کی تعداد 1,600 سے متجاوز

حیدرآباد 30 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں انتہائی شدت کی گرمی کی وجہ سے فوت ہونے والوں کی تعداد آج 1,600 سے متجاوز ہوگئی جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گرمی کی وجہ سے مزید 146 افراد فوت ہوگئے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آج شام آٹھ بجے تک جو اطلاعات دستیاب ہیں ان کے بموجب مہلوکین کی تعداد 1,636 تک پہونچ گئی ہے ۔ کل ہلاکتوں کی تعداد 1,490 ہوگئی تھی ۔ پرکاشم ضلع میں گرمی کی وجہ سے سب سے زیادہ افراد فوت ہوئے ہیں۔ یہاں اموات کی تعداد 333 ہے ۔ گنٹور میں 233 ‘ مشرقی گوداوری میں 192 وشاکھاپٹنم میں 185 ‘ وجیا نگرم میں 177 ’ نیلور میں 163 ‘ کرشنا میں 78 ‘ چتور میں 64 ‘ سریکا کلم میں 60 اننت پور میں 56 ‘ کڑپہ میں 38 کرنول میں 34 اور مغربی گوداوری میں 23 افراد فوت ہوگئے ہیں۔ اموات کی یہ تعداد 18 مئی سے آج شام 8 بجے تک کی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے بموجب گنٹور آندھرا کے ضلع گنٹور اور رائلسیما کے ضلع کرنول میں آج بھی گرمی کی شدت رہی ۔ رائلسیما میں کچھ مقامات پر اور ساحلی آندھرا میں یکا دوکا مقامات پر بارش بھی ہوئی ہے ۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سلسئیس جنگا مہیشورا پورم میں ریکارڈ کیا گیا ہے ۔